ملازمین کی ہڑتال کا عذر ۔ عوام کو سخت گرمی میں مشکلات
حیدرآباد۔ 26 مئی (سیاست نیوز) دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد کے مختلف علاقوں میں کل رات دیر گئے سے غیرمعلنہ برقی کٹوتی سے عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ پرانے شہر کے بیشتر علاقوں میں کل رات دیر گئے اور آج دن بھر کئی مرتبہ برقی سربراہی منقطع ہوگئی جسکی شکایت کرنے پر یہ کہا جارہا ہے کہ ملازمین کی ہڑتال کے سبب برقی پیداوار میں کمی کے باعث یہ صورتحال پیدا ہوئی ہے۔ پرانے شہر کے علاقوں چندرائن گٹہ، دارالشفا، قاضی پورہ، خلوت، کالاپتھر، حسینی علم و دیگر علاقوں میں کل رات تقریباً 2 بجے برقی سربراہی منقطع ہوگئی
اور لگ بھگ 2 گھنٹے بعد بحال کی گئی۔ اسی طرح صبح کی اولین ساعتوں سے برقی سربراہی میں خلل کے باعث عوام کو تکالیف کا سامنا کرنا پڑا۔ شب معراج کی وجہ کئی علاقوں میں عوام تیاریوں میں مصروف تھے لیکن برقی سربراہی میں خلل سے خشوع و خضوع متاثر ہوا۔ دوپہر میں شدید دھوپ اور گرمی کے باوجود شہر کے بیشتر علاقوں میں زائد از 3 گھنٹے سربراہی بند رہی اسی طرح شام کے وقت بھی کئی علاقوں میں برقی سربراہی ممکن نظر نہیں آرہی تھی چونکہ متعدد مرتبہ شکایات کا کوئی اثر نہیں ہوا جس کی وجہ سے عوام میں بے چینی کی کیفیت پیدا ہوئی۔ گزشتہ یوم سے جاری برقی ملازمین ہڑتال کے باعث برقی پیداوار میں کمی کی شکایت کی جارہی ہے لیکن
اس طرح کی صورتِ حال اندرون ایک یوم پیدا ہونا ناممکن ہے ۔ سابق میں محکمہ برقی کے ملازمین نے ہڑتال میں حصہ لیا تھا، لیکن یہ حالات تین چار دن بعد پیدا ہوئے تھے۔ دونوں شہروں کی اہم سڑکوں پر اسٹریٹ لائیٹس کو بند رکھا گیا ۔ محکمہ برقی کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے بتایا کہ جب تک برقی ملازمین کی ہڑتال بالکلیہ طور پر ختم نہیں ہوجاتی، اس وقت تک عوام کو اس طرح کی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ شہر میں شدید گرمی سے عوام پہلے ہی پریشان ہیں، محکمہ برقی کے ملازمین کی ہڑتال کے سبب عوام کی پریشانیوں میں اضافہ ہوا ہے۔ کئی علاقوں میں بچوں اور مریضوں کو ہونے والی تکالیف کے متعلق اطلاعات موصول ہورہی ہیں۔ شب معراج کے موقع پر خصوصی عبادات کے دوران سربراہی منقطع ہونے کے سبب مسلمانوں کی عبادتوں میں خلل پڑا۔