ضلع کلکٹرس کی سخت ہدایات کے بعد خصوصی جماعتوں کا اہتمام
حیدرآباد ۔ 18 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : یس یس سی امتحانات میں حیدرآباد کے نتائج میں بہتری لانے ضلع کلکٹرس کی جانب سے سخت ہدایات کے باعث پرانے شہر کے کئی علاقوں میں سرکاری اسکولوں میں اساتذہ یس یس سی طلبہ کیلئے خصوصی کلاسیس کا انعقاد کر رہے ہیں ۔ گزشتہ دو برسوں سے حیدرآباد کے نتائج میں نمایاں بہتری نہ ہونے کے بعد ضلع کلکٹر نے دونوں شہروں کے سرکاری اسکولوں کے نتائج کو بہتر بنانے کی ہدایات جاری کی تھیں لیکن اس کے باوجود بھی بعض اسکولوں کے اساتذہ کی جانب سے ان احکامات کو سنجیدگی سے نہیں لیا گیا تھا لیکن اس مرتبہ بیشتر سرکاری اسکولوں میں بھی یس یس سی طلبہ کیلئے خانگی اسکولوں کی طرح خصوصی کلاسوں کا اہتمام کیا جارہا جو طلبہ کیلئے بہتر ثابت ہونے کی توقع ہے ۔ گزشتہ دو ماہ سے کئی سرکاری مدارس میں اضافی تعلیم کیلئے خصوصی انتظامات کئے گئے تھے لیکن بعض اسکولوں سے اس بات کی شکایات موصول ہوئی کہ بیشتر اسکولوں میں طلبہ کا حوصلہ افزاء ردعمل نہیں رہا جس کی بنیادی وجہ اساتذہ کے بموجب یہ ہے کہ جو طلبہ یس یس سی میں سرکاری اسکولوں میں تعلیم حاصل کرتے ہیں ان کی خاصی تعداد اسکول کا وقت گذرنے کے فوری بعد ملازمت بھی کرتی ہے ۔ یہی وجہ ہے کہ سرکاری اسکولوں کے نتائج میں بہتری پیدا کرنا دشوار ہے ۔
اساتذہ کا استدلال ہے کہ طلبہ اسکول کا وقت ختم ہونے کے بعد اسکول میں رکنا نہیں چاہتے اور عموماً یہ بھی واضح نہیں کرتے کہ وہ کیوں کر جلدی جانا چاہتے ہیں ۔ گذشتہ چند یوم سے سرکاری اسکولوں میں چلائی گئیں خصوصی کلاس میں ضلع کلکٹر کی ہدایات کے سبب اساتذہ نے بھی دلچسپی کا مظاہرہ کرتے ہوئے طلبہ پر توجہ دی ہے اور اب پر امید ہیں کہ یس یس سی 2014 کے نتائج میں نمایاں بہتری ریکارڈ کی جائے گی چونکہ سرکاری اسکولوں میں کئے گئے انتظام سے ان طلبہ کے معیار میں بہتری پیدا ہوئی ہے اور وہ خود اعتمادی کیساتھ امتحانات میں شرکت کے موقف میں ہیں ۔ پرانے شہر کے ایک سلم علاقہ میں چلائے جانے والے ہائی اسکول کے ہیڈ ماسٹر نے بتایا کہ ان کے اسکول میں یس یس سی طلبہ کی تعداد 40 سے زائد ہے لیکن خصوصی کلاسس میں صرف 25 تا 30 طلبہ ہی پابند رہے لیکن ان کے تعلیمی معیار میں زبردست اضافہ دیکھا گیا ہے ۔ خانگی اسکولوں میں 7 گھنٹے سے زیادہ تعلیم نہ دینے کے احکام کی اجرائی کے بعد حکومت و ضلع انتظامیہ کی جانب سے سرکاری اساتذہ پر اضافی کلاسس کے لیے دباؤ کے متعلق استفسار پر ایک ہیڈ ماسٹر نے بتایا کہ سرکاری اسکولوں میں طلبہ کی تعلیم پر مناسب توجہ دئیے جانے کی بنیادی وجہ ایک یہ بھی ہے کہ ایک اسکول کے احاطہ میں شفٹ سسٹم میں دو یا دو سے زائد اسکول بھی چلائے جاتے ہیں ۔ جس کے سبب ہائی اسکول کے طلبہ کو زائد وقت نہیں ملتا ۔ اسی لیے اگر امتحانات سے قبل یس یس سی طلبہ پر خصوصی توجہ دہانی کے لیے 2 گھنٹے اضافی کلاس چلانے میں کوئی قباحت نہیں ہونی چاہئے ۔ چونکہ ان دو گھنٹوں میں اساتذہ بھی صرف ایک ہی جماعت کے طلبہ پر توجہ مرکوز کئے ہوتے ہیں جو کہ ان کے امتحانی نتیجہ کو بہتر بنانے میں معاون ہوسکتا ہے ۔۔