حیدرآباد۔ 5 ۔ جنوری (سیاست نیوز) دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد کے علاوہ ریاست بھر میں جشن میلاد النبیؐ کا جوش و خروش کے ساتھ انعقاد عمل میں آیا ۔ 12 ربیع المنور کو شہر کے مختلف مقامات سے میلاد جلوس کا اہتمام کیا گیا تھا جو کہ 11 بجے کے قریب تاریخی چارمینار کے دامن میں سنی یونائٹیڈ فورم آف انڈیا کے زیر اہتمام نکالے جانے والے مرکزی میلاد جلوس میں ضم ہوگئے۔ میلاد جلوس کا آغاز مولانا سید شاہ حسن ابراہیم حسینی القادری سجاد پاشاہ نے جھنڈی دکھاکر کیا ۔ قبل ازیں مولانا سید شاہ قبول بادشاہ قادری شطاری نے دعا کی۔کنوینر مرکزی میلاد جلوس مولانا سید شاہ ظہیر الدین علی صوفی نے شہر کے مختلف علاقوں سے پہنچنے والے جلوسوں کا خیرمقدم کیا۔ میلاد جلوس کے موقع پر شہر کے مختلف علاقوں سے نکالے گئے جلوس کے نگران اور ذمہ داران کی گلپوشی کی گئی۔ شہر میں جشن میلاد النبیؐ کے اہتمام کے سلسلہ میں نہ صرف میلاد جلوس نکالے گئے بلکہ خون کے عطیہ کیمپ کے علاوہ مختلف فلاحی سرگرمیوں بالخصوص دواخانوں میں میوہ جات کی تقسیم اور غرباء میں تناول طعام کا انتظام بھی کیا گیا۔ چارمینار کے قریب بلڈ ڈونیشن کیمپ کا انعقاد عمل میں لایا گیا جہاں پر زائد از 500 نوجوانوں نے خون کا عطیہ دیتے ہوئے مریضوں کی مدد کی ۔ اسی طرح مرکزی مکتبہ آصفیہ (سنٹرل لائبریری) میں فوکس اور تنظیم ارشاد المسلمین کے زیر اہتمام خون کا عطیہ کیمپ منعقد کیا گیا ۔ علاوہ ازیں ان تنظیموں کی جانب سے شہر کے مزید تین مقامات پر خون کے عطیہ کیمپ منعقد کئے گئے ۔ سنٹرل لائبریری میں سکریٹری آندھراپردیش میناریٹی ویلفیر ڈپارٹمنٹ جناب عمر جلیل آئی اے ایس نے خون کا عطیہ دیا۔ ان خون کے عطیہ کیمپوں میں ہزاروں نوجوانوں نے تھلسمیا کے متاثرین کے لئے خون کا عطیہ دیا۔ مرکزی میلاد جلوس کی روانگی کے موقع پر مولانا سید شاہ علی اکبر نظام الدین حسینی صابری، مولانا سید شاہ اولیا حسینی مرتضی پاشاہ، مولانا سید محمد احمد الحسینی القادری سعید قادری ، مولانا سید اسد اللہ حسینی عثمان پاشاہ، مولانا سید اکرم پاشاہ تخت نشین ، مولانا آل مصطفیٰ قادری ، مولانا سید آل رسول قادری ، مولانا سید ذاکر علی دانش ابوالعلائی کے علاوہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر آف پولیس ساؤتھ زون مسٹر کے بابو راؤ اور دیگر موجود تھے۔ جلوس کے شرکاء سے علماء و مشائخین نے مختصراً خطاب کے دوران انہیں سال بھر اسوۂ حسنہ پر عمل کرنے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم سے محبت کا اظہار فرائض و سنتوں پر عمل آوری کے ذریعہ کیا جاسکتا ہے۔ مشائخین نے محبان رسول کو مشورہ دیا کہ وہ دین کے پیام کو عام کرنے کیلئے اپنے اخلاق و کردار کو بہتر بناتے ہوئے دیگر ابنائے وطن کو اپنے اخلاق سے متاثر کریں چونکہ اسلام تلوار کے زور پر نہیں بلکہ آقائے نامدار صلی اللہ علیہ وسلم کے کردار کے باعث دنیا بھر میں پھیلا ہے۔ جشن میلاد النبیؐ کے موقع پر اعتبار چوک تا یاقوت پورہ بڑا بازار خصوصی طورپر سجایا گیا تھا۔ شہر کے بیشتر مقامات پر غریب و نادار لڑکیوں کی اجتماعی شادیوں کا بھی میلاد النبیؐ کے موقع پر اہتمام کیا گیا۔ مصری گنج ریاض مدینہ سے قادریہ انٹرنیشنل آرگنائزیشن کا میلاد جلوس روانہ ہوا جس کی نگرانی مولانا سید محمد احمد الحسینی سعید قادری نے کی جو مختلف راستوں سے گزرتا ہوا چارمینار پہنچا۔ یاقوت پورہ سے مولانا حافظ مظفر حسین بندہ نوازی کی نگرانی میں میلاد جلوس نکالا گیا۔ مرکزی میلاد جلوس چارمینار ، گلزار حوض ، پتھر گٹی، مدینہ بلڈنگ ، سالار جنگ میوزیم ، دارالشفاء ، منڈی میر عالم ، اعتبار چوک ، بی بی بازار چوراہا سے ہوتے ہوئے مغلپورہ پلے گراؤنڈ پہنچا جہاں مولانا سید شاہ اولیاء حسینی مرتضیٰ پاشاہ قادری کی دعاء پر جلوس اختتام کو پہنچا۔ جلوس گزرنے کے راستوں پر استقبالیہ شہ نشین نصب کرتے ہوئے جلوس کا استقبال کیا گیا۔ بعض مقامات پر بے ہنگم ڈی جے کے استعمال پر منتظمین جلوس کے علاوہ عوام نے شدید اعتراض کیا ۔ پولیس صبر و تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے دن بھر جلوس نکالنے والے نوجوانوں کو پر امن رہنے کی تلقین کرتی رہی۔ شام ہونے تک پولیس کے اعلیٰ عہدیدار بالخصوص مسٹر انجنی کمار ، مسٹر شیو پرساد راؤ آئی پی ایس کے علاوہ دیگر عہدیدار چارمینار پولیس اسٹیشن پر موجود تھے اور شہر کے مختلف علاقوں میں نکالے گئے جلوس کی تفصیلات اکھٹا کر رہے تھے۔ تاریخی مکہ مسجد کے علاوہ شہر کے مختلف مقامات بالخصوص خانقاہوں میں زیارت آثار مبارک کا خصوصی اہتمام کیا گیا تھا۔ مکہ مسجد کے اندرونی حصہ کے علاوہ عقب میں موجود آثار شریف کی زیارت کے لئے ہزاروں افراد مکہ مسجد پہنچے۔ دن میں مصباح القراء حضرت مولانا عبداللہ قریشی الازہری نے مکہ مسجد میں خطبۂ میلاد پڑھا۔ اس موقع پر حافظ رضوان قریشی خطیب و امام مکہ مسجد کے علاوہ دیگر موجود تھے۔ کاروان، شمس آباد، قلعہ گولکنڈہ ، لنگر حوض ، ملک پیٹ ، سرور نگر ، دلسکھ نگر ، سکندرآباد، نامپلی کے علاوہ شہر کے دیگر علاقوں میں بھی میلاد النبیؐ کے موقع پر جلسے و جلوسوں کا اہتمام کیا گیا تھا۔