دونوں شہروں میں جشن جمہوریہ کا جوش و خروش کیساتھ انعقاد

حیدرآباد۔ 26 جنوری (سیاست نیوز) دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد میں جشن جمہوریہ ہند جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا۔ عدالت، اسمبلی، سرکاری دفاتر، سیاسی جماعتوں کے دفاتر کے علاوہ اسکولوں ، کالجوں اور سڑکوں پر بھی قومی پرچم لہراتے ہوئے جشن جمہوریہ ہند کا انعقاد عمل میں آیا۔ اسمبلی میں اسپیکر اسمبلی مسٹر این منوہر نے پرچم کشائی انجام دی۔ جبکہ آندھرا پردیش ریاستی ہائیکورٹ میں چیف جسٹس کلیان جیوتی سین گپتا نے قومی پرچم لہرایا۔ اس موقع پر ججس کے علاوہ وکلاء برادری کی بڑی تعداد موجود تھی۔ میٹرو ریل بھون میں مسٹر این وی ایس ریڈی مینیجنگ ڈائریکٹر حیدرآباد میٹرو ریل نے 65 ویں یوم جمہوریہ کے موقع پر قومی پرچم لہرایا۔

اسی طرح ساؤتھ سنٹرل ریلوے کی جانب سے ریلوے اسپورٹس کامپلیکس سکندرآباد میں رنگارنگ تقاریب کا اہتمام کیا گیا جہاں پی کے سریواستوا جنرل مینیجر ساؤتھ سنٹرل ریلوے نے پرچم کشائی انجام دی۔ آندھرا پردیش چیف انفارمیشن کمشنر کے دفتر میں مسٹر جنت حسین نے پرچم کشائی انجام دی۔ اس موقع پر دیگر انفارمیشن کمشنرس کے علاوہ عہدیدار موجود تھے۔