دونوں شہروں میں بلاوقفہ برقی سربراہی کو یقینی بنانے کے اقدامات

حیدرآباد ۔ یکم جولائی (سیاست نیوز) دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد کے علاوہ پرانے شہر کے علاقوں میں روزانہ برقی کٹوتی کی متعدد شکایات کا صدرنشین تلنگانہ اسٹیٹ سدرن پاور ڈسٹری بیوشن لمیٹیڈ مسٹر رگھوما ریڈی نے جائزہ لیتے ہوئے حقائق سے آگہی حاصل کی۔ بتایا جاتا ہے کہ ماہ رمضان المبارک کے دوران پرانے شہر کے علاقوں کے علاوہ دونوں شہروں میں بلا وقفہ برقی سربراہی کو یقینی بنانے کے لئے متعدد اقدامات کرتے ہوئے ٹی ایس ایس پی سی ڈی این کے دو ڈائرکٹرس کے علاوہ دو اعلیٰ عہدیداروں کو اِس بات کی ذمہ داری تفویض کی ہے کہ وہ بلا وقفہ برقی سربراہی کو یقینی بنانے کے اُمور کا جائزہ لے اور مکمل نگرانی کے ذریعہ برقی سربراہی کو یقینی بنائیں۔ بتایا جاتا ہے کہ ڈائرکٹر آپریشنس مسٹر سرینواس ریڈی، ڈائرکٹر ایچ آر مسٹر کمال الدین علی خان، سی جی ایم میٹرو زون مسٹر ستیش کمار کے علاوہ سپرنٹنڈنٹ انجینئر ساؤتھ زون حیدرآباد مسٹر آنند کو یہ ذمہ داریاں تفویض کی گئی ہیں۔ پرانے شہر کے علاوہ حیدرآباد کے صارفین برقی سربراہی منقطع ہونے کی صورت میں ڈائرکٹر آپریشنس مسٹر سرینواس ریڈی سے 9440813333 ، ڈائرکٹر ایچ آر مسٹر کمال الدین علی خان 9491056425 ، مسٹر ستیش کمار سی جی ایم میٹرو زون سے 9440813836 کے علاوہ سپرنٹنڈنٹ انجینئر ساؤتھ مسٹر آنند سے 9440812913 پر ربط پیدا کرسکتے ہیں۔ باوثوق ذرائع سے موصولہ اطلاع کے بموجب اعلیٰ عہدیداروں نے رات دیر گئے تک بعض عہدیداروں کو پرانے شہر میں قیام کرتے ہوئے شکایات کا جائزہ لینے کی بھی ہدایات جاری کی ہیں۔