دونوں شہروں میں اچانک بارش ،تلنگانہ میں فصلیں تباہ

حیدرآباد ۔یکم ؍ مارچ ( سیاست نیوز) دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد میں ہفتہ کی علی الصبح اور اتوار کی شام سے تیز اور ہلکی بارش ہوئی ۔ غیر موسمی اچانک بارش کے باعث شہر کی سڑکیں لبریز ہوگئیں ۔ ڈرینج کے ناقص انتظام کی وجہ سے بارش کا پانی سڑکوں پر جمع ہوگیا اور جگہ جگہ کھڈ کی وجہ سے موٹر رانوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔ اس بارش کی وجہ سے برقی سربراہی منقطع ہوئی ۔ شہر کے کئی علاقوں میں تاریکی چھائی رہی ۔ تلنگانہ کے بیشتر علاقوں میں کل رات سے تیز ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش ہوئی ہے ۔ نظام آباد میں کل سے آج صبح تک لگاتار بارش کی اطلاع ہے ۔ تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کے بعد برقی سربراہی بھی منقطع ہوئی ۔ غیر موسمی بارش نے ہلدی ‘ مرچی اور سورج مکھی کی فصلوں کو تباہ کر دیا ہے ۔ نظام آباد میں سب سے زیادہ 2 سنٹی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ۔