لندن۔7جون ( سیاست ڈاٹ کام ) خوفناک دہشت گرد گروپ دولت اسلامیہ کا انگریزی زبان میں تشہیری رسالہ مختصر تعداد میں آن لائن ریٹیلر امیزان کی ویب سائیٹ پر برائے فروخت دستیاب ہے ۔دولت اسلامیہ کے چار مختلف رسالے کی نقلیں ڈابک پیپر بیاگ کے ساتھ امیزان کی سائیٹس پر برطانیہ ‘ امریکہ ‘ فرانس ‘ جرمنی ‘ اٹلی اور اسپین میں دستیاب ہے ۔ بی بی سی کی اطلاع کے بموجب اس رسالہ کا مصنف الحیات ذرائع ابلاغ مرکز کی فہرست میں رجسٹرڈ ہے۔ یہ آئی ایس آئی ایس کا ذرائع ابلاغ کا شعبہ ہے جو تشہیری ویڈیو فلمیں اور خبر نامے تیار کرتا ہے ۔ دولت اسلامیہ ایک ممنوعہ دہشت گرد تنظیم ہے جو کئی ممالک بشمول برطانیہ ‘ امریکہ اور ہندوستان میں سرگرم ہے ۔ ڈابک کو امریکہ میں ایک سیاسی مضامین پر مشتمل رسالہ سمجھا جاتا ہے جس کے موضوعات میں جہاد کے علاوہ تصویری خبریں ‘ حالات حاضرہ اور معلوماتی مضامین دولت اسلامیہ کے بارے میں شامل ہیں ۔ یہ 27پاؤنڈس میں دستیاب ہے ۔اس رسالہ کا نام ’’ شام کے سابق قصبہ دابغ کے نام پر رکھا گیا ہے ‘‘
اور یہ رسالہ 2014ء میں جاری کیا گیا ہے ۔ امیزان کی ویب سائیٹس کی فہرست میں رسالہ کے پبلیشر کا نام ’’کریٹیٹ اسپیس ڈیولپمنٹ پبلیشنگ پلیٹ فارم ‘‘ کے نام سے تحریر ہے ۔ یہ امیزان کی ملکیت اشاعتی کمپنی ہے ۔ یہ فہرست اب ویب سائیٹ پر سے ہٹالی گئی ہے ۔ اس کے مصنوعات مزید برائے فروخت موجود نہیں ہیں ۔ بی بی سی نے امیزان کے ایک بیان کا حوالہ دیتے ہوئے یہ خبر جاری کی ہے ۔ اس کے بموجب کمپنی نے مزید تفصیلات کا انکشاف نہیں کیا ۔دولت اسلامیہ القاعدہ کا ایک منحرف گروپ ہے جس نے عراق اور شام کے سینکڑوں مربع میل علاقہ پر قبضہ کرلیا ہے ۔ القاعدہ نے اس گروپ سے دوری اختیار کرلی ہے اور اس پر اپنی جارحیت میں اجتماعی کارروائی کے فقدان اور بے رحمی سے اپنے علاقہ میں توسیع کا الزام عائد کیا ہے ۔