واشنگٹن /5 دسمبر (سیاست ڈاٹ کام) صدر امریکہ بارک اوباما نے آج اردن کے شاہ عبد اللہ سے ملاقات کی۔ اردن، عراق اور شام میں محاذ آراء دولت اسلامیہ کے درمیان مشرق وسطی کا ایک سینڈوچ حلیف ملک بنا ہوا ہے۔ یہ ملک شام اور عراق سے فرار ہوکر پناہ حاصل کرنے والوں سے نمٹ رہا ہے۔ وہائٹ ہاؤس میں ہوئی اس ملاقات میں صدر امریکہ بارک اوباما اور اردن کے شاہ عبد اللہ نے دولت اسلامیہ کا مقابلہ کرنے کے لئے اپنی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا۔ شام میں عسکریت پسندوں کے خلاف امریکی زیر قیادت فضائی حملوں میں حصہ لینے والے پانچ عرب ملکوں میں اردن بھی شامل ہے۔ شاہ عبد اللہ نے کہا کہ وہ دولت اسلامیہ کے خلاف سخت موقف اختیار کرنے کے لئے دیگر عرب قائدین سے بھی مشاورت کر رہے ہیں۔ یہ واضح طورپر نیکی اور بدی کے درمیان لڑائی ہے۔ عرب ملکوں اور عالم اسلام کو شیطانی طاقتوں کا مل کر مقابلہ کرنا ہوگا۔ ہمارے عوام کو یہ سمجھنا چاہئے کہ کیا صحیح اور کیا غلط ہے۔