ممبئی۔25 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) سماج وادی پارٹی قائد ابوعاصم اعظمی نے بی جے پی زیر قیادت مہاراشٹرا حکومت اور پولیس پر الزام عائد کیا کہ دولت اسلامیہ کے مسئلہ پر وہ مسلمانوں میں خوف پھیلارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اور پولیس دولت اسلامیہ کے مسئلہ کو ایک بہانے کے طور پر استعمال کررہے ہیں۔ شیوسینا کے رکن اسمبلی راہول پاٹل کے دعوے کا حوالہ دیتے ہوئے کہ تقریباً 100 مسلم نوجوان جن پر دولت اسلامیہ سے روابط رکھنے کا الزام ہے، مہاراشٹرا سے لاپتہ ہوگئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ یہ مسئلہ ایوان اسمبلی میں اٹھائیں گے۔ بشرطیکہ انہیں اس کی اجازت دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ 100 نوجوان لاپتہ نہیں ہیں۔ دریں اثناء پاٹل نے اسد الدین اویسی کی کل ہند مجلس اتحاد المسلمین پر امتناع عائد کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ یہ دولت اسلامیہ کی تائید کررہی ہے۔ دولت اسلامیہ کے مشتبہ حامیوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے مہاراشٹرا کے انسداد دہشت گردی اسکواڈ نے کل ایک 24 سالہ مسلم نوجوان کو ضلع پربھنی سے گرفتار کرکے ان کے پاس سے دھماکو اور بم سازی کے مادے ضبط کئے۔