واشنگٹن ۔ 25 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ نے آج صدر شام بشارالاسد کی حکومت کے حامیوں پر تحدیدات عائد کردیں۔ ان میں دلال بھی شامل ہیں جو دولت اسلامیہ سے خام تیل کی خریداری میں حکومت شام کی مدد کررہے ہیں۔ تحدیدات کا اعلان کرتے ہوئے ایک بیان جاری کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہیکہ حکومت شام بڑے پیمانے پر بے رحمی اور تشدد کی ذمہ دار ہے جو خود شامی عوام پر کیا جارہا ہے۔ کارگذار نائب وزیرخارجہ برائے دہشت گردی و معاشی سراغ رسانی ایڈم زوبین نے کہا کہ امریکہ ان افراد پر مالی تحدیدات جاری رکھے گاجو بشارالاسد کو شامی عوام پر تشدد جاری رکھنے میں مددگار ہیں۔ چار افراد کو تحدیدات کیلئے نامزد کیا گیا ہے جن میں دولت اسلامیہ سے تیل کی خریداری میں مدد دینے والے درمیانی آدمی بھی شامل ہیں۔ امریکی محکمہ خارجہ نے کہا کہ شام کی موجودہ حکومت کے دولت اسلامیہ سے روابط ہیں۔ دولت اسلامیہ سے کاروباری تعلقات والے تمام افراد کو بلیک لسٹ کردیا گیا ہے۔