دولت اسلامیہ بارک اوباما اورہیلاری کلنٹن کی تخلیق بلوگزی میں انتخابی مہم کے دوران صدارتی امیدوار ڈونالڈ ٹرمپ کا الزام ‘پریس کانفرنس سے خطاب

بلوگزی۔3جنوری( سیاست ڈاٹ کام )  صدر امریکہ بارک اوباما اور سابق وزیر خارجہ ہیلاری کلنٹن کی پالیسیوں کے نتیجہ میں دولت اسلامیہ کی تخلیق ہوئی ۔ ری پبلکن پارٹی کے صف اول کے صدارتی امیدوار ڈونالڈ ٹرمپ نے بلوگزی میں اپنی انتخابی مہم کے دوران تقریر کرتے ہوئے یہ الزام عائد کیا ‘ تاہم انہوں نے اپنے دعوے کا کوئی ثبوت پیش نہیں کیا ۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ایران اور سعودی عرب کے درمیان کشیدگی میں اضافہ اس بات کی علامت ہے کہ اسلامی جمہوریہ طویل مدت سے مشرق وسطی میں امریکہ کے حلیف پر قابو پانا چاہتا ہے ۔ ٹرمپ نے کہا کہ ان دونوں نے دولت اسلامیہ کی تخلیق کی ہے ۔ ہیلاری کلنٹن اور بارک اوباما دونوں ہی دولت اسلامیہ کے وجود کے ذمہ دار ہیں ۔ ان کا یہ تبصرہ سعودی سفارت خانہ برائے ایران کے روبرو ایرانی عوام کے احتجاج کے بعد مختصر مباحث کے دوران منظر عام پر آیا ۔ ایران میں سعودی سفارت خانہ کو نذرآتش کردیا گیا ۔ ایران چاہتا ہے کہ سعودی عرب پر قبضہ کرلیں ‘ وہ ہمیشہ سے ایسا ہی چاہتے تھے ۔ سعودی عرب کی تیل کی دولت پر قبضہ کرنا اُن کی دیرینہ خواہش ہے ۔

ڈونالڈ ٹرمپ نے ڈیموکریٹک پارٹی کے ارکان اور سابق صدر جارج ڈبلیو بش پر الزام عائد کیا کہ مشرقی وسطی میں بے چینی کے وہی ذمہ دار ہیں ۔ خاص طور پر 2003ء میں عراق پر حملہ کا سابق صدر بش کا فیصلہ اس بے چینی کا ذمہ دار ہے ۔ حالیہ ہفتوں میں وہ خاص طور پر ہیلاری کلنٹن پر جارحانہ لب و لہجہ میں تنقید کررہے ہیں ۔ ہیلاری کلنٹن ڈیموکریٹک پارٹی کی صدارتی امیدوار کے دوڑ میں سب سے آگے ہیں ۔ ان کا ریکارڈ یہ بھی ہے کہ انہوں نے امریکی وزارت خارجہ کی قیادت کی ہے ۔ ٹرمپ کے 2016ء کے صدارتی انتخابات کیلئے دو اہم حریف تھے جن میں سے کارلی پیورینا اور رک سائنٹورم شامل ہیں ۔ دونوں نے نومبر میں کہا تھا کہ ہیلاری کلنٹن اور بارک اوباما دولت اسلامیہ کے عروج کے ذمہ دار ہیں ۔ ڈونالڈ ٹرمپ اور ہیلاری کلنٹن حالیہ ہفتوں میں باہم زبانی تکرار میں بھی ملوث رہ چکے ہیں ۔ ہیلاری کلنٹن نے ڈونالڈ ٹرمپ کے حالیہ تبصرہ کی شدت سے مذمت کی ہے جس میں انہوں نے کہا تھا کہ مسلم تاریکین وطن کے امریکہ میں داخلے پر امتناع عائد کردینا چاہیئے ۔ ہیلاری کلنٹن نے الزام عائد کیا تھا کہ ٹرمپ دولت اسلامیہ میں بھرتی کے بہترین ایجنٹ ہیں ۔ زیادہ سے زیادہ ویڈیوز میںٹرمپ کو اسلام اور مسلمانوں کی توہین کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے جس کے نتیجہ میں زیادہ سے زیادہ جہادی بن گئے ہیں ۔