تھرڈ فرنٹ سے بی جے پی کو فائدہ، علاقائی جماعتوں سے کمیونسٹ تحریک کمزور
حیدرآباد ۔ 26۔ ڈسمبر (سیاست نیوز) سی پی آئی کے قومی سکریٹری ایس سدھاکر ریڈی نے الزام عائد کیا کہ فیڈرل فرنٹ کے نام پر ملک کے مختلف علاقوں کا دورہ کرنے کے بعد کے سی آر نے رپورٹ کی تفصیلات اپنے باس نریندر مودی کو پیش کرنے کیلئے ملاقات کی ہے۔ سی پی آئی کے 93 ویں یوم تاسیس کے موقع پر قومی سکریٹری سدھاکر ریڈی نے پارٹی دفتر پر پرچم لہرایا۔ اس موقع پر مخاطب کرتے ہوئے سدھاکر ریڈی نے فیڈرل فرنٹ کے قیام کی کوششوں پر نکتہ چینی کی اور کہا کہ فرنٹ کے قیام کے ذریعہ اپوزیشن میں پھوٹ پیدا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس نے عوام کو گمراہ کرتے ہوئے دوبارہ اقتدار حاصل کرلیا ۔ عوام کے ساتھ گمراہ کن وعدے کئے گئے اور یہ تاثر دیا گیا کہ صرف ٹی آر ایس ہی ان کی بھلائی کرسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تھرڈ فرنٹ کے قیام سے بی جے پی کو فائدہ ہوگا۔ سدھاکر ریڈی نے کہا کہ کے سی آر دعویٰ کر رہے ہیں کہ تھرڈ فرنٹ کے قیام کا فیصلہ بہت پہلے کیا جاچکا ہے ۔ انہوں نے سوال کیا کہ اگر یہ فیصلہ پہلے کرلیا گیا تھا تو پھر کے سی آر نے نوٹ بندی اور جی ایس ٹی کی تائید کیوں کی۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر کی چال بازیوں کو عوام دیکھ رہے ہیں اور وہ مناسب وقت پر سبق سکھائیں گے۔ سدھاکر ریڈی نے کہا کہ موجودہ سماج میں عوام کئی چیلنجس سے دوچار ہیں۔ ناانصافیوں اور بھید بھاؤ کے خاتمہ کیلئے سی پی آئی نے ہمیشہ جدوجہد کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی مسائل پر سی پی آئی کی جدوجہد آئندہ بھی جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کی مسلح جدوجہد میں کمیونسٹ پارٹی نے اہم رول ادا کیا تھا ۔ سی پی آئی کے ریاستی سکریٹری چاڈا وینکٹ ریڈی نے کہا کہ برطانوی سامراج کے خلاف جدوجہد کیلئے کمیونسٹ پارٹی کا قیام عمل میں آیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں سیاسی نظام کے قیام میں سی پی آئی کا اہم رول ہے۔ تلنگانہ مسلح جدوجہد کی سی پی آئی نے قیادت کی تھی۔ سی پی آئی نے ہمیشہ عوامی مسائل کیلئے قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ علاقائی جماعتوں کے سبب کمیونسٹ جماعتیں کمزور ہوئی ہیں۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ ملک میں سیاسی جماعتیں عوام کے جذبات سے کھلواڑ کرتے ہوئے سیاست کر رہی ہے اور اصول پسندی کا عملاً خاتمہ ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں عوام کو درپیش مسائل پر کمیونسٹ پارٹی کی جدوجہد آئندہ بھی جاری رہی ۔ انتخابات میں شکست اور کامیابی سے کمیونسٹ پارٹی کی سرگرمیوں پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔ پارٹی عوام کی خدمت میں یقین رکھتی ہے ۔