دورجدید میں حصول ملازمت دشوارکن، جہاں ملازمتیں ملیں حاصل کریں

دفتر سیاست میں ڈاکٹر ریڈی لیاب پر سمینار، جناب زاہد علی خان و دیگر کا خطاب
حیدرآباد ۔ 30 جولائی (سیاست نیوز) ڈاکٹر ریڈی لیاب نہ صرف ہندوستان بلکہ دنیا کی نامور اور سرکردہ دواساز کمپنی ہے جہاں ملازمت کا حصول بھی ایک اعزاز ہے اور جو اعزاز فارمیسی اور ادویہ سازی شعبہ میں روزگار کے متلاشی ہیں ان کیلئے ایک سنہری موقع ہے کہ وہ اس کمپنی نے سلف مینجمنٹ ٹیم کا حصہ بنتے ہوئے نہ صرف ٹریننگ حاصل کرسکتے ہیں بلکہ اپنی اعلیٰ تعلیم گریجویشن کی تکمیل کرتے ہوئے ملازمت پا سکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار دفتر سیاست میں منعقدہ سمینار میں مسٹر عباس نقوی اسوسی ایٹ ڈائرکٹر ایچ آر ڈاکٹر ریڈی لیاب نے کیا۔ جناب زاہد علی خان ایڈیٹر سیاست نے صدارت کی اور اپنی صدارتی تقریر میں نوجوانوں کی توقعات جو وابستہ ہیں اس کے حوالہ سے بتایا کہ آج سب سے بڑا مسئلہ ملازمتوں کے حصول کا ہے اور جو موقع روزگار کی فراہمی کا میسر آئے اس سے بھرپور استفادہ کرنا چاہئے۔ اب ریڈی لیاب میں ملازمتوں کا پیشکش ایک سنہری موقع ہے۔ ایسے باوقار ادارہ میں ملازمت حاصل کرتے ہوئے نوجوان لڑکے ؍ لڑکیاں اپنے مستقبل کو روشن بنا سکتے ہیں اور جو سہولیات اور مراعات یہ کمپنی فراہم کررہی ہے، اس سے بھرپور استفادہ کریں۔ آج ملازمتیں حاصل کرنا مشکل ترین مسئلہ ہے اور جب کوئی موقع میسر آتا ہے تو اس سے پورا فائدہ اٹھائیں۔ انہوں نے سیاست کے مکمل تعاون کے پیشکش کے ساتھ دیگر اداروں ہلپنگ ہینڈ اور فیض عام ٹرسٹ کے اشتراک پر ریڈی لیاب کے انتظامیہ کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے سیاست کے ذریعہ نوجوانوں کو ملازمتیں اور ٹریننگ فراہم کررہے ہیں۔ ابتداء میں جناب ڈاکٹر شوکت علی مرزا منیجنگ ٹرسٹی ہلپنگ ہینڈ کے سمینار کے اغراض و مقاصد بتاتے ہوئے فارمیسی کی اس سرکردہ کمپنی میں ملازمتوں اور ٹریننگ سے استفادہ پر زور دیا۔ جناب نقی عباس نے طلبہ کے سوالات کے اطمینان بخش جوابات دیئے۔ اطمینان بخش جواب دیا۔ اس موقع پر فیض عام ٹرسٹ کے افتخار حسین بھی موجود تھے۔ ایم اے حمید نے نظامت کے فرائض انجام دیئے۔ مس فرح فاطمہ نے فارمیسی کی اہمیت سے واقف کروائیں جبکہ جناب زاہد فاروقی، سید خالد محی الدین اور فہیم انصاری نے معاونت کی۔