ممتاز تاجر جناب خدا داد خاں کی وزراء سے ملاقات
حیدرآباد ۔ 30 ۔ جون : ( پریس نوٹ ) : متحدہ عرب امارات کے تجارتی مرکز ، دوبئی میں جہاں دنیا کے مختلف ممالک کے باشندے رہتے ہیں اور یہ ٹورازم علاقہ تجارت اور سیر و تفریح کے لیے مشہور ہے اور یہاں ہندوستانیوں کی خاطر خواہ تعداد پائی جاتی ہے وہیں علاقہ تلنگانہ اور خاص کر حیدرآبادی اپنی انفرادیت کے ساتھ کثیر تعداد میں رہتے ہیں اور وہاں عیدوں ، تہواروں اور ادبی سرگرمیوں میں حیدرآبادی پیش پیش رہتے ہیں وہاں بعد رمضان ایک عظیم الشان پیمانے پر جشن تلنگانہ کا انعقاد عمل میں آرہا ہے ۔ دوبئی کے ممتاز تاجر جناب خدا داد خاں صاحب نے اپنے دورہ حیدرآباد کے موقع پر جناب محمد محمود علی نائب وزیر اعلی ، جناب ٹی ہریش راؤ ریاستی وزیر کو شرکت کی دعوت دی ہے ۔ جسے دونوں نے قبول کیا ہے ۔ جناب محمود علی و ٹی ہریش راؤ نے خدا داد خاں کے اعزاز میں علحدہ علحدہ ناشتہ و عشائیہ کا اہتمام کیا تھا ۔ سید مسکین احمد ، سابق نائب صدر بلدیہ ، امانت خاں بھی مدعوئین میں شامل تھے ۔ اس موقع پر علاقہ تلنگانہ کے مسلمانوں کے مسائل کے تعلق سے گفتگو ہوئی اور امید ظاہر کی گئی کہ ممکنہ طور پر ان کے مسائل حل کئے جائیں گے اور گذشتہ طویل عرصہ سے کی گئی نا انصافیوں کا ازالہ کیا جائے گا ۔ بطور خاص تعلیم اور بے روزگاری دور کرنے اور مسلمانوں کو خود مکتفی کرنے کے لیے اقدامات کئے جائیں گے اور بے خوف و خطر سنہرے تلنگانہ میں مسلمانوں کی حصہ داری رہے گی اور سب کے ساتھ شانہ بہ شانہ ترقی کے مواقع فراہم کئے جائیں گے ۔ اس جشن میں حیدرآبادی تہذیب اور مذہبی روا داری کو اجاگر کیا جائے گا اور مہمانوں سے شیروانی زیب تن کرنے کی خواہش کی جائے گی ۔۔