دنیا کی اولین ہربل قرآن کی دبئی میں رونمائی

دبئی ، 8 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) دنیا کی اولین ہاتھ سے بنائی گئی ہربل قرآن مجید جسے تقریباً دو سو جڑی بوٹیوں کو بروئے کار لاتے ہوئے تیار کیاگیا ، یہاں اُس کی رونمائی انجام دی گئی ۔ قرآن کا یہ نسخہ اسلامک آرٹس اور کیلی گرافی کمپنی ہیدم آرٹس نے تیار کیا ہے اور اسے ترک یونانی ڈاکٹر حمدی طاہر کی جانب سے 1957 ء سے 1979 تک لگ بھگ 23 سالوں میں تیار کیا گیا ہے ۔ یہ قرآن نہایت زود اثر جڑی بوٹیوں کے امتزاج کو استعمال کرتے ہوئے یونانی میڈیکل سسٹم کی مطابقت میں بنائی گئی ہے ۔ ہیدم آرٹس نے ایک بیان میں کہا کہ اس قرآن مجید کی ہربل شیٹس میں ایسی کئی خصوصیات ہیں جب کوئی قاری اپنی انگلیاں حروف پر پھیرتا ہے اور صفحات اُلٹنے کے دوران اُسے اپنی انگلیوں پر ان خصوصیات کا لمس محسوس ہوتو اُسے جڑی بوٹیوں کے طبی فوائد حاصل ہونے کے امکانات بڑھ جاتے ہیںاور اُس کی صحت میں نمایاں فرق آنے لگتا ہے ۔ ہربل کریم کی کتابت والی اس قرآن میں 606 صفحات ہیں اور یہ تقریباً 7.5 کیلوگرام وزن رکھتی ہے ۔ ہیدم آرٹس کے مشیر عبدالعزیز بن حسن نے کہا کہ برسہا وبرس نہایت صبر و تحمل کے ساتھ دستکاری سے تیار کردہ اس مقدس قرآن میں کوئی بھی پینٹنگ ٹیکنالوجی ، آلات یا کوئی عصری مشینری استعمال نہیں کی گئی ہے ، جس کی وجہ سے یہ اپنے آپ میں منفرد نوعیت کی بن گئی ہے ۔ انھوں نے بتایا کہ 80 ممالک میں 1,714 میوزیم کے حکام سے رابطہ کیا گیا تاکہ یہ تصدیق ہوجائے کہ کسی اور نے اس طرح کی منفرد قرآن مجید تیار تو نہیں کی یا کوئی دیگر کتاب کی تیاری میں اس نہج کو استعمال کیا گیا ۔ تمام تحقیقات کے بعد اس قرآن کی انفرادیت مصدقہ ہوگئی ہے ۔ ہیڈم آرٹس ایسی کمپنی اور ایسا مقام ہے جو مقدس قرآن مجید کے انوکھے نسخوں کی تیاری سے وابستہ رہتی ہے ۔ نیز اسلامک آرٹس ، کیلی گرافی اور دیگر مہارت کے فنون سے بھی ہیدم آرٹس کا نام جڑا ہے ۔