نئی دہلی ۔ یکم جولائی (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے سائبر سیکوریٹی پر عالمی تشویش سے اتفاق و اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ ’’خون کا خطرہ بہائے بغیر لڑی جانے والی اس جنگ‘‘ کے خطرہ سے لاحق چیلنج سے نمٹنے ہندوستان کو حل تلاش کیا جانا چاہئے۔ وزیراعظم مودی آج یہاں ڈیجیٹل مہم کا افتتاح کر رہے تھے جس کیلئے دنیا کی سرکردہ کمپنیوں نے 4.5 لاکھ کروڑ روپئے کی سرمایہ کاری کا عہد کیا ہے ۔ اس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے ملک میں ڈیجیٹل انقلاب کی ضرورت پر زور دیا ہے اور کہا کہ رشوت ستانی جیسے مسائل سے نمٹنا ضروری ہے تاکہ ایک باصلاحیت و شفاف حکمرانی فراہم کی جائے۔ علاوہ ازیں دولتمند اور غریب طبقات کے درمیان حائل فرق کو ختم کیا جاسکے۔ نریندر مودی نے کہاکہ ’’اب ہمیں ای حکمرانی سے آگے بڑھ کر، ایم ۔حکمرانی اختیار کرنا چاہئے ۔ ایم۔ حکمرانی کا مطلب مودی کی حکمرانی نہیں ہے بلکہ اس کا مطلب موبائیل (فون) حکمرانی ہے‘‘۔ وزیراعظم نے مزید کہاکہ ’’ساری دنیا پر ’’خون کے بغیر‘‘ لڑی جانے والی جنگ کے بادل منڈلا رہے ہیں۔ ساری دنیا اس خطرہ سے چونک گئی ہے اور اس خطرہ سے نمٹنے کیلئے ہندوستان کو کلیدی رول ادا کرنا ہے۔‘‘
جھارکھنڈ میں راجیہ سبھا کی ایک نشست پر انتخاب
رانچی ۔ یکم جولائی (سیاست ڈاٹ کام) جھارکنڈ میں کل راجیہ سبھا کے ضمنی انتخابات کیلئے تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں جبکہ جھارکھنڈ مکتی مورچہ (پی) کی ٹکٹ پر منتخب ہونے کے بعد بی جے پی میں شامل 6 ارکان اسمبلی کو نااہل قرار دینے کے مطالبہ کے باوجود انہیں ووٹ دینے کی اجازت دیدی گئی ہے۔ یہ انتخابات مسٹر کے ڈی سنگھ کے استعفیٰ کے باعث منعقد ہورہے ہیں جنہوں نے جے ایم ایم کی تائید سے راجیہ سبھا کیلئے منتخب ہونے کے بعد ترنمول کانگریس میں شمولیت اختیار کرلی تھی اور ان کی میعاد کی تکمیل آئندہ سال ہونے والی تھی۔