دنیا کا چکر لگانے کوشاں پاکستانی نژاد باپ ، بیٹا ہلاک

نیویارک ، 24 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) امریکی نوجوان حارث سلیمان اپنے پاکستانی نژاد والد بابر سلیمان کے ہمراہ ایک چھوٹے ہوائی جہاز میں دنیا کے گرد چکر لگانے کی کوشش کرتے ہوئے ہلاک ہو گئے ہیں۔ سلیمان فیملی کی ترجمان نے بتایا کہ طیارہ امریکن سماوا میں پاگو پاگو کے مقام سے اڑنے کے کچھ ہی دیر بعد منگل کی رات سمندر میں گر کر تباہ ہو گیا۔ حادثے کے وقت طیارے میں 17 سالہ حارث اور پاکستانی نژاد ان کے والد بابر سلیمان موجود تھے۔ امدادی کارکنوں کے مطابق حارث کی لاش برآمد کر لی گئی ہے جبکہ ان کے والد کی نعش کی تلاش جاری ہے۔

امریکی فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن کے ترجمان کے مطابق ایک انجن والا ’ہاکر بیچ کرافٹ‘ نامعلوم وجوہات کی بناء پر سمندر میں گر کر تباہ ہوا۔ ایف اے اے کے مطابق طیارے کی دم پر درج نمبر یا ’ٹیل نمبر‘ سے نشاندہی ہوتی ہے کہ سمندر میں گرنے والا طیارہ امریکی ریاست انڈیانا میں رہنے والے بابر سلیمان کا ہی تھا۔ امریکی کوسٹ گارڈز کی ترجمان نے بتایا کہ عینی شاہدین کے مطابق انہوں نے پاگو پاگو کے بین الاقوامی ہوائی اڈے سے اڑتے ہی قریب 1.61 کلومیٹر کے فاصلے پر ایک طیارے کو کریش ہوتے ہوئے دیکھا۔ حارث اور بابر سلیمان تیس دنوں کے اندر اندر دنیا کا چکر لگانے کے مقصد سے نکلے تھے۔ ان کے مقاصد میں ایک انجن والے طیارے میں سب سے کم دورانیے میں دنیا کے گرد چکر لگانا اور ایسا کرنے والا سب سے کم عمر پائلٹ بننا شامل تھے۔