دنیا میں 22 ملین بچے بنیادی ضرورتوں سے محروم : پرینکا چوپڑہ

لاس اینجلس ۔ 21 جون (سیاست ڈاٹ کام) فلم اداکارہ پرینکا چوپڑہ نے پناہ گزین بچوں کیلئے ایک انتہائی دردمندانہ اپیل کرتے ہوئے کہا کہ تشدد اور بے گھر کئے جانے سے دنیا کو بچوں کی ابھرتی ہوئی نسل سے محروم نہیں کیا جاسکتا۔ عالمی یوم پناہ گزین (20 جون) کے موقع پر 35 سالہ اداکارہ جو یونیسیف کی سفیر بھی ہیں، نے ان بچوں کے ساتھ اظہاریگانگت کیا جنہیں خود ان کے گھروں کو چھوڑنے پر مجبور ہونا پڑتا ہے۔ فیس بک پر یونیسیف کے ذریعہ شیئر کئے گئے ایک ویڈیو میں پرینکا چوپڑہ نے کہا کہ یہ بچے نہ صرف بنیادی ضروریات سے محروم ہیں بلکہ ان کی ’’امیدوں‘‘ کا بھی سرقہ کرلیا گیا ہے۔ ایسے بچوں کی تعداد زائد از 22 ملین ہے جو 18 سال سے کم عمر ہیں۔ یہ بچے نہ صرف ارکان خاندان، دوستوں اور ایسی تمام اشیاء جنہیں وہ پسند کرتے ہیں، کو کھوچکے ہیں بلکہ ہر بچے کیلئے لازمی بنیادی ضرورتوں سے بھی محروم ہیں۔ یہ بچے غذا، شیلٹر (مکان)، صحت اور تعلیم جیسی بنیادی ضرورتوں سے محروم ہیں۔ انہیں اب یہ بھی نہیں معلوم کہ ان کا مستقبل کیسا ہوگا۔ لہٰذا ان بچوں کو ’’دنیا کی کھوئی ہوئی نسل‘‘ میں تبدیل نہیں کیا جاسکتا بلکہ ان پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔