واشنگٹن ۔ 21 مئی (پی ٹی آئی) ہندوؤں، سکھوں، بدھ مت کے پیروؤں اور مسلمانوں سے تعصب اور تشدد کا حوالہ دیتے ہوئے وزیرخارجہ امریکہ جان کیری نے کہا کہ عالمگیر سطح پر مذہبی آزادی کو سنگین چیلنجس درپیش ہیں۔ اہانت مذہب اور بعض ممالک میں مذہبی حکومتوں کے سخت گیر قوانین کے استعمال میں اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ جان کیری نے کہا کہ مذہبی آزادی اوباما انتظامیہ کی عالمی سفارتی کوشش کا جزو لاینفک ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک بنیادی امریکی اقدار ہے۔ مذہبی آزادی پر حملہ چاہے و اخلاقی ہو یا دفاعی، امریکہ کی قومی صیانت کیلئے خطرہ ہے۔ وہ سالانہ بین الاقوامی مذہبی آزادی رپورٹ کی رسم اجراء تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ مذہب کی آزادی امریکہ کی تخلیق نہیں ہے۔ یہ ایک عالمی قدر ہے اور امریکی دستور کے علاوہ ہر انسان کے دل میں درج ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر ایک کو اپنے مذہب اور عقیدہ کی تبلیغ اور اس پر عمل کا حق حاصل ہے چاہے کسی اور کو اس پر عقیدہ ہو یا نہ ہو۔ کسی کے بھی عقائد کو تبدیل نہیں کیا جاسکتا کیونکہ یہ ہر انسان کا پیدائشی حق ہے اور یہی تمام امریکیوں کا عقیدہ بھی ہے۔ جان کیری نے کہاکہ بین الاقوامی مذہبی آزادی کا فروغ صدر امریکہ بارک اوباما کی اور بحیثیت وزیرخارجہ خود ان کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس بات کو یقینی بنارہے ہیں اور بناتے رہیں گے کہ مذہبی آزادی عالمگیر سفارتی مصروفیات کا اٹوٹ حصہ برقرار رہے۔ انہوں نے کہا کہ اس رپورٹ کا رسم اجراء بھی ایسی ہی کوششوں کا ایک اہم حصہ ہے۔