دلیپ کمار 92 سال کے ہوگئے ۔ دواخانہ سے ڈسچارچ

ممبئی 11 ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) افسانوی اداکار دلیپ کمار آج 92 سال کے ہوگئے ۔ انہیں آج دواخانہ سے بھی ڈسچارچ کردیا گیا جہاں انہیں سینہ کے انفیکشن کی شکایت پر گذشتہ ہفتے شریک کیا گیا تھا ۔ جب وہ دواخانہ سے باہر نکلے ان کے مداحوں نے خیر مقدم کیا جو ان کی صحت کے بارے میں معلومات حاصل کرنے وہاں جمع ہوئے تھے ۔ ماہر امراض تنفس ڈاکٹر جلیل پارکر نے بتایا کہ دلیپ صاحب اب صحتمند ہیں۔

پشاور میں دلیپ کمار کی 92 ویں سالگرہ تقریب
پشاور ۔ 11 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) دلیپ کمار کی 92 ویں سالگرہ تقریب آج ان کے آبائی مقام پشاور میں دھوم دھام سے منائی گئی ۔ یہاں افسانوی اداکار نے اپنی زندگی کے ابتدائی 12 سال گزارے تھے۔ ’’دلیپ کمار کی زندگی اور کارنامے ‘‘خیبرپختونخوا کے سیاحت کارپوریشن کی جانب سے ثقافتی ورثا کونسل اور پشاور پریس کلب کے تعاون سے پیش کئے گئے۔ ہندوستانی اداکاروں امیتابھ بچن ، گووندا ، امجد علی خان کی بیوی ، منوج کمار اور دلیپ کمار کی بیوی سائرہ بانو نے بھی ٹیلیفون پر اداکار کی فلم ’’دیوداس‘‘ میں اداکاری پر اپنے تاثرات کا اظہار کیا۔ دلیپ کمار محلہ خدا آباد نزد قصہ خوانی بازار پشاور میں 11 ڈسمبر 1922ء پیدا ہوئے تھے۔ انہوں نے اپنے بچپن کی یادیں اپنی خودنوشت سوانح عمری ’’حقائق اور پرچھائیں‘‘ میں بیان کی ہیں۔ محکمہ سیاحت نے اپنے آئندہ منصوبہ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ دلیپ کمار ہی نہیں بلکہ راج کپور کے آبائی مکانات کو بھی محفوظ کیا جائے گا۔