دلیپ کمار کی کمزوری کو دیکھ کر سبھاش گھئی ہوئے غمگین

مشہور ڈائرکٹر سبھاش گھئی نے دلیپ کمار سے ملاقات کی اور ان کی گرتی صحت اور کمزوری کو دیکھ کر دکھ کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستانی سنیما کے شہنشاہ فی الحال بیحد کمزور ہوگئے ہیں وہ 95 سال کے ہوچکے ہیں۔ گھئی نے کہا کہ دلیپ صاحب سے ان کے گہرے اور قریبی مراسم رہے ہیں۔ انہوں نے ان کے ساتھ سوداگر، کرما اور ودھاتا جیسی ہٹ فلمیں کی ہیں۔ گھئی یہ کہتے ہوئے کافی جذباتی ہوگئے۔ انہوں نے میڈیا سے بے ساختہ کہا کہ ’’آئی لو دلیپ صاحب ویری مچ‘‘ میں نے ان جیسی شخصیت آج تک نہیں دیکھی۔ وہ واقعی ہیروز کے ہیرو ہیں اور اب وہ دلیپ صاحب کو اس حال میں نہیں دیکھ سکتے۔ میں ان سے مل کر روپڑا۔ ہم ایک دوسرے کو 20، 22 سال سے جانتے ہیں وہ میرے بڑے بھائی جیسے ہیں مجھے دکھ ہے کہ وہ مجھے پہچان نہیں پائے۔ بیشک وہ ہماری فلمی صنعت کے شہنشاہ ہیں لیکن آج اتنے کمزور ہیں کہ وہ خودی سے کچھ نہیں کرپا رہے ہیں۔

ارجن ریڈی ہندی ری میک کا ٹائیٹل ہوگا: کبیر سنگھ

کم بجٹ میں بنائی گئی تلگو کی سوپر ہٹ فلم ارجن ریڈی جس میں وجئے دیور کنڈہ اور شالنی پانڈے نے مرکزی کردار نبھائے تھے۔ اب اسے شاہد کپور کے ساتھ ہندی میں ری میک کیا جارہا ہے۔ اس فلم کی کہانی ایک میڈیکل اسٹوڈنٹ کے ارد گرد گھومتی ہے جو اپنی جونیر کی محبت میں گرفتار ہو جاتا ہے۔ فلم کا ہندی ٹائیٹل ’’کبیر سنگھ‘‘ رکھا گیا ہے۔ ٹی سیریز اور سنے ون اسٹوڈیوز پروڈکشن کے بینر پر بن رہی اس ری میک کو سندیپ ریڈی ونگا ڈائرکٹ کررہے ہیں۔ شاہد کے مقابل کیا را اڈوالی ہیروئین ہوں گی۔