بلڈر سمیر بوجوانی کے خلاف سائرہ بانو کی وزیر اعظم سے اپیل
دلیپ کمار نے فلمی پردے پر نہ جانے کتنی بار ملک میں سماج کے بگڑتے نظام سے ٹکرایا ہوگا لیکن آج ملک کے باوقار اعزاز سے پدمابھوشن نوازی گئی اس شخصیت کو ہی اپنی 96 سالہ عمر میں اپنی ہی ذاتی ملکیت کے لئے غیر سماجی عناصر سے ٹکرانا پڑ رہا ہے۔ بزرگ اداکار دلیپ کمار کے پالی ہل میں واقع مکان پر ایک بلڈر کی جانب سے غیر قانونی قبضہ کرنے کی کوششوں کی خبر سرخیاں بننے لگی ہیں۔ اس مسئلہ پر دلیپ کمار کی اہلیہ سائرہ بانو نے دسمبر 2017 میں چیف منسٹر مہاراشٹرا دیویندر فڈنویس کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے اس کا سخت نوٹ لینے اور اس پر فوری کارروائی کا مطالبہ کیا تھا، لیکن پورے ایک سال کا وقت گذرجانے کے بعد بھی حکومت مہاراشٹرا نے اس پر کوئی کارروائی نہیں کی۔ ایسے میں سائرہ بانو نے اب وزیر اعظم نریندر مودی سے اپیل کی ہے کہ وہ اس مسئلہ کی یکسوئی کرے۔ سائرہ بانو کے مطابق ان کی جائیداد پر پرتیجا بلڈرس کے سمیر بوجوانی قبضہ کرنا چاہتے ہیں اور اس مقصد کے لئے وہ انہیں ڈرانے دھمکانے کی کوشش کررہے ہیں۔ بتاتے چلیں کہ باندرہ ممبئی کے پالی ہل علاقہ میں دلیپ کمار کی جانب سے 1953 میں خریدے گئے بنگلہ کو پرتجا ڈیولپرس کو تزئین نو کے لئے ایک معاہدہ کیا گیا تھا، لیکن بعض وجوہات کی بنا یہ معاہدہ منسوخ کردیا گیا جس پر معاملہ عدالت سے رجوع ہوا جس پر سپریم کورٹ نے بلڈر کو حکم دیا تھا کہ وہ مکان دلیپ کمار کے حوالے کردے لیکن بلڈر سپریم کورٹ کے حکم کی خلاف ورزی کررہا ہے۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہوگا کہ دلیپ کمار کی جانب سے 65 سال پہلے خریدی گئی اس جائیداد کی قیمت موجودہ طور پر تقریباً ڈھائی سو کروڑ بتائی جاتی ہے۔