ممبئی ۔ 8 اکتوبر ۔(سیاست ڈاٹ کام) بالی ووڈ اداکار دلیپ کمار کو کل رات لیلاوتی ہاسپٹل میں شریک کردیاگیا جہاں ان کی حالت مستحکم ہے ۔ 95 سالہ اداکار نمونیا سے متاثر ہوئے ہیں۔ ان کے خاندان کے ایک دوست فیصل فاروقی نے اس اداکار کے شخصی ٹوئیٹر اکاؤنٹ پر یہ اطلاع دی۔ جس میں کہا گیا ہے کہ ’’آپ کو مطلع کرنا چاہتا ہوں کہ دلیپ کمار کو کل رات دواخانہ میں شریک کیا گیا ۔ نمونیا کاعلاج کیا جارہا ہے ۔ دعائیں … ٹوئیٹر پر آپ کو معلومات سے واقف کرتے رہیں گے ‘‘ ۔ دلیپ کمار کو گزشتہ ماہ بھی نمونیا کے عارضہ کے علاج کیلئے دواخانہ میں شریک کیاگیا تھا ۔ ’’شہنشاہ جذبات ‘‘ کے لقب سے مشہور دلیپ کمار نے انداز ، آن ، مدھومتی ، دیوداس اور مغل اعظم جیسی فلموں میں غیرمعمولی طورپر یادگار اداکاری کی تھی ۔ لیلاوتی ہاسپٹل کے نائب صدر ڈاکٹر اجئے کمار نے کہاکہ ’’وہ (دلیپ کمار) اب مستحکم ہیں ۔ کسی فکر یا پریشانی کی ضرورت نہیں ہے‘‘ ۔