حیدرآباد۔/10فبروری، ( سیاست نیوز) نامپلی کریمنل کورٹ کے پہلے ایڈیشنل میٹرو پولیٹن سیشن جج نے انڈین مجاہدین کے مبینہ رکن اعجاز سعید شیخ کو حیدرآباد منتقل کرنے کیلئے پروڈکشن وارنٹ جاری کیا۔ بتایا جاتا ہے کہ انڈین مجاہدین کا مبینہ رکن جو تہاڑ جیل میں محروس ہے اور اس کا تعلق پونے سے ہے کے دلسکھ نگر بم دھماکہ میں ملوث ہونے کے سبب نیشنل انوسٹی گیشن ایجنسی ( این آئی اے ) نے عدالت میں درخواست داخل کی اور وارنٹ جاری کرنے کی التجا کی تھی۔ عدالت نے آج اعجاز سعید شیخ کو حیدرآباد منتقل کرنے کیلئے احکامات جاری کئے۔ بتایا جاتا ہے کہ شیخ کو دہلی پولیس کے اسپیشل سل نے گزشتہ سال ستمبر میں اتر پردیش کے سہارنپور ریلوے اسٹیشن سے گرفتار کیا تھا اور اس پر الزام ہے کہ وہ جامع مسجد حملے کے حوالے سال2013ء میں پیش آئے دلسکھ نگر جڑواں بم دھماکوں میں ملوث ہے۔ واضح رہے کہ سابق میں این آئی اے ریاض بھٹکل، ضیاء الرحمن عرف وقاص اور تحسین اختر کے خلاف چارج شیٹ داخل کی تھی۔