اسٹوڈنٹ انتخابی منشور کی اجرائی ،ڈاکٹر طلحہ فیاض الدین کی پریس کانفرنس
حیدرآباد۔/14 مار چ ، ( سیاست نیوز) اسٹوڈنٹ اسلامک آرگنائزیشن ( ایس آئی او ) تلنگانہ یونٹ نے مجوزہ لوک سبھا الیکشن کے پیش نظر ایک اسٹوڈنٹ انتخابی منشور جاری کرتے ہوئے حکومت تلنگانہ سے مطالبہ کیا کہ وہ دلتوں ، اقلیتوں اور دیگر پسماندہ طبقات سے تعلق رکھنے والے طلبہ اور نوجوان طبقہ کے ساتھ انصاف کو یقینی بنائیں۔ قدیم پریس کلب حیدرآباد میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صدر ایس آئی او تلنگانہ ڈاکٹر طلحہ فیاض الدین نے کہا کہ قومی سطح پر ایک منظم سازش کے تحت یونیورسٹیوں کے کیمپس میں دلتوں اور مسلم اقلیتوں کا عرصہ حیات تنگ کرنے کا کام کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جب تک روہت ویملہ ایکٹ یونیورسٹیز کیمپس میں نافذ نہیں کردیا جاتا تب تک روہت ویملہ کی خودکشی ، نجیب احمد کے لاپتہ ہونے جیسے واقعات کی روک تھام ممکن نہیں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج ایک سازش کے تحت مسلم اقلیت کو ہجومی تشدد میں نشانہ بنانے کا کام کیا جارہا ہے۔ اس لئے ایس سی، ایس ٹی مظالم کی روک تھام ایکٹ کے طرز پر مسلم اقلیتوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کی روک تھام کا ایکٹ متعارف کرانے کی مانگ کی۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم پر مختص کئے جانے والے بجٹ میں اضافہ کے علاوہ علاقائی اور مادری زبان میں تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ کے ساتھ خصوصی رعایت لسانی تہذیب کی حفاظت کا ذریعہ بنے گی۔ ایس آئی او تلنگانہ کے پی آر سکریٹری عبداللہ فائز، ابراہیم سعید، عبداللہ خان اور ملک عامر بھی اس موقع پر موجود تھے۔