دلائی لامہ کو دورہ کی اجازت نہ دینے پر چین نے سری لنکا کی ستائش کی

بیجنگ 3 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) چین نے آج سری لنکا کی نئی حکومت کی زبردست ستائش کی کیونکہ سری لنکا میں بدھسٹوں کی اکثریث کے باوجود بودھ مذہب کے روحانی پیشواء دلائی لامہ کو سری لنکا کے کچھ با رسوخ بودھ راہبوں کی جانب سے اصرار کے باوجود دورہ کی اجازت نہیں دی گئی ۔ چین کے وزارت خارجہ نے ان رپورٹس پر مسرت کا اظہار کیا کہ سری لنکا دلائی لامہ کو ملک کے دورہ کی اجازت دیکر چین کی ناراضگی مول نہیں لے سکتا ۔ وزارت خارجہ کے ترجمان ہوا چوننگ نے ایک پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ چین ہمیشہ اس بات کا خواہاں رہا ہے کہ دلائی لامہ کو کوئی بھی ملک دورہ کی اجازت نہ دے ۔ ترجمان نے کہا کہ چین نے دلائی لامہ کے سلسلہ میں اپنا موقف متعدد بار ظاہر کردیا ہے۔ سری لنکا چین کا ایک اچھا اور دوست پڑوسی ملک ہے اور دلائی لامہ سے متعلق چین کا جو موقف ہے وہ اسے اچھی طرح سمجھتا ہے۔ کولمبو سے ملنے والی رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ سری لنکا یوں تو دلائی لامہ کا احترام کرنا ہے لیکن سرکاری طور پر دلائی لامہ کو ملک کا دورہ کرنے کی دعوت دیتے ہوئے چین کی ناراضگی مول نہیں لے سکتا۔