منتخبہ تلگو دیشم نمائندوں سے چندرا بابو نائیڈو کا خطاب
حیدرآباد ۔ 21 ۔ اگست : ( پی ٹی آئی ) : چیف منسٹر آندھرا پردیش این چندرا بابو نائیڈو نے آج کہا کہ وہ ریاست کی حکمرانی دفتری خطوط کی بجائے سیاسی خطوط پر عمل میں لائیں گے ۔ چندرا بابو نائیڈو نے کہاکہ ریاست میں سیاسی حکمرانی ہوگی اور وہ دفتری حکمرانی میں یقین نہیں رکھتے ۔ یہاں پارٹی دفتر ، پر تلگو دیشم کے منتخبہ عوامی نمائندوں کے ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے نائیڈو نے کہا کہ سیاسی حکمرانی وقت کی اہم ضرورت ہے جب کہ ریاست کی تقسیم سے کئی ایک مسائل پیدا ہوچکے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی چیف سکریٹری ، سکریٹریز ، کلکٹرس ، آئی اے ایس اور آئی پی ایس عہدیداروں کی جانب سے دفتری حکمرانی چلائی جاتی ہے اور پانچ سال کے اختتام پر ہم کو عوام کے روبرو جانا ہوتا ہے اور دوبارہ ان کی رائے حاصل کرنا ہوتا ہے لہذا میں ریاست کو سیاسی حکمرانی دینا چاہوں گا ۔ واضح رہے کہ چندرا بابو نائیڈو نے 95 تا 2004 بحیثیت ریاستی چیف منسٹر خود کو ریاست کا سی ای او کہلانا پسند کیا تھا۔۔