حیدرآباد ۔ 27 ۔ جون : ( سیاست نیوز ) : بی جے پی کے ترجمان کرشنا ساگر راؤ نے آج چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کو اپنی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ انہوں نے دعوت افطار میں بھی فریب دینے کا انداز اپنایا اور توجہ ہٹانے کی کوشش کی ۔ کرشنا ساگر راؤ نے کہا کہ چیف منسٹر اقلیتوں کو 12 فیصد تحفظات فراہم کرنے کے اپنے وعدہ کو پورا نہیں کرسکتے ہیں اس لیے وہ ایک کٹھ پتلی کمیٹی قائم کرنے اور اسمبلی میں ایک قرار داد منظور کر کے اسے مرکز کو روانہ کرتے ہوئے اپنی ذمہ داری سے بری الزمہ ہونے کی سازش کررہے ہیں ۔ انہوں نے اقلیتوں سے کہا کہ وہ چیف منسٹر کی موقع پرست سیاست کو دیکھیں اور ان کی باتوں اور جھوٹے پروپگنڈہ پر یقین نہ کریں ۔ کرشنا ساگر راؤ نے تلنگانہ اسٹیٹ جی او 123 سے دستبرداری کے مطالبہ کا بھی اعادہ کیا اور کہا کہ ملناساگر پراجکٹ کے باعث بیدخل ہونے والوں کو مناسب معاوضہ ادا کرنے کے علاوہ ان کی باز آبادکاری کی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی تلنگانہ میں ان کی آواز ہوگی جن کی آواز نہیں ہے ۔۔