نئی دہلی31مئی (سیاست ڈاٹ کام ) نئی کابینہ میں 10 وزراء کے محکموں میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئي ہے جبکہ چھ دیگر وزراء کے پرانے محکمہ برقرار رکھتے ہوئے انہیں نئے محکمے بھی دیئے گئے ہیں۔ نتن گڈکری کو دوبارہ روڈ ٹرانسپورٹ اور ہائی وے کی وزارت دی گئی ہے ، لیکن جہازرانی کی وزارت ان لے کر انہیں درمیانہ، چھوٹی اور انتہائی چھوٹی صنعتوں کی وزارت دی گئي ہے ۔ نریندر سنگھ تومر کے پرانے محکمہ دیہی ترقیات اور پنچایت راج کے ساتھ ان کو وزارت زراعت کی ذمہ داری بھی دی گئی ہے ۔ مسٹر پیوش گوئل کوریلوے کی وزارت میں برقرار رکھا گیا ہے لیکن ان سے کوئلہ کی وزارت لے کر کامرس اینڈ انڈسٹری کی وزارت کی ذمہ داری سونپ دی گئی ہے ۔ شریپد یشو نائیک کو اپنی پرانی وزارت آیوش کا آزادانہ چارج دینے کے ساتھ وزارت دفاع کا وزیر مملکت بھی بنایا گیا ہے ۔ آر کے سنگھ کو محکمہ توانائی، قابل تجدید توانائی کے ساتھ ساتھ محکمہ مہارت سازی کا وزیر مملکت بنایا گیا ہے۔