دس روپئے کے اسٹامپ پیپر کی قلت

عوام کو مشکلات ، محکمہ ڈاک کے عہدیداروں کی تردید
حیدرآباد /13 مارچ ( سیاست نیوز ) تلنگانہ میں دس روپئے کے اسٹامپ پیپر کی قلت پائی جاتی ہے ۔ حق معلومات کے کارکنوں نے بتایا کہ ریاست میں دس روپئے والے اسٹامپ پیپر کی دستیابی مشکل ہوگئی ہے جس سے عوام کو پریشانی لاحق ہے ۔ حق معلومات قانون کے تحت درخواست گذاروں کو دس روپئے کے نان جوڈیشیل پوسٹل آرڈر اسٹامپ پر درخواست داخل کرنی ہوتی ہے ۔ تاہم ان اسٹامپ کی عدم دستیابی کے باعث درخواستیں داخل کرنے سے عوام قاصر ہیں ۔ پوسٹل ڈپارٹمنٹ کے اعلی عہدیداروں نے اسٹامپ پیپرس کی قلت کی تردید کی ہے ۔ ان عہدیداروں کا کہنا ہے کہ کسی بھی اسٹامپ پیپر کی قلت نہیں ہے ۔ پیوپلز رائٹ ٹو انفارمیشن قومی مہم کے معاون کنوینر راکیش ریڈی کے مطابق شہر میں دس روپئے کے اسٹامپ پیپر کی عدم دستیابی کے باعث درخواست گذاروں کو مشکلات پیش آرہی ہیں ۔ دیگر قیمتوں کے اسٹامپ پیپر آسانی سے دستیاب ہیں لیکن دس روپئے کے اسٹامپ پیپر کی اسلئے اہمیت حاصل ہے کہ حق معلومات قانون کے تحت درخواست داخل کرنے کیلئے دس روپئے کے اسٹامپ پیپر کا استعمال ضروری ہے ۔ اسی دوران چیف پوسٹ ماسٹر جنرل بی وی سدھاکر نے بتایا کہ انڈین پوسٹل آرڈر کی قلت نہیں ہے ۔ دس روپئے والے 90 ہزار اسٹامپ پیپرس فی الحال پوسٹ آفسیس میں رکھے گئے ہیں ۔ عوام کو اگر ان اسٹامپ پیپر کی دستیابی میں کوئی مشکل ہوتو وہ فوری محکمہ سے رجوع ہوں ۔ اگر انہیں اس بات کا علم ہے کہ کسی بھی پوسٹ آفس میں دس روپئے کا ا سٹامپ پیپر فراہم نہیں کیا جارہا ہوتو وہ فوری محکمہ کے سربراہ کو مطلع کردے ۔ حیدرآباد شہر میں 110 پوسٹ آفیسیس ہیں ان میں سے کسی کے پاس بھی اسٹامپ پیپر کی عدم دستیابی کی اطلاع ملتی ہوتو متبادل انتظام کیا جائے گا۔کیونکہ دس روپئے اسٹامپ پیپر کی کوئی قلت نہیں ہے ۔ مسٹر سدھاکر نے بتایا کہ عوام کو اسٹامپ پیپر کی دستیابی میں کسی بھی قسم کی مشکل ہوتو وہ متعلقہ پوسٹ آفس کے عہدیدار سے رجوع ہوسکتے ہیں ۔