بیجنگ ۔ 29 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) ممبئی میں اپنے ہی ارکان خاندان کو یکے بعد دیگرے موت کی نیند سلانے والے نوجوان جس نے بعدازاں خودکشی کرلی تھی، کی خبریں ابھی سرد نہیں پڑی تھیں کہ یہاں ایک شخص نے چاقو سے 10 بچوں پر حملہ کرنے کے بعد خودکشی کرلی۔ اس طرح اب چین میں انتقامی کارروائیاں انجام دینے کیلئے ’’آسان شکار‘‘ والا دور شاید ایک بار پھر آ گیا ہے۔ ینگفان پرائمری اسکول جوہنان صوبہ کے ہائیکو میں واقع ہے، حملہ آور نے 6 لڑکوں اور 4 لڑکیوں پر چاقو سے حملہ کردیا۔ بہرحال تمام بچوں کو قریبی ہاسپٹل منتقل کیاگ یا۔ ان میں سے دو شدید طور پر زخمی ہوئے۔ تاہم ہاسپٹل حکام نے ان زخموں کو ہلاکت انگیز نہیں بتایا۔ عینی شاہدین کے مطابق اس وقت اسکول میں لنچ ٹائم ہوا تھا اور بچے کلاسیس سے باہر نکلنے کیلئے قطار میں تھے کہ اچانک اسکول کے باب الداخلہ سے اندر آ کر حملہ آور نے یکے بعد دیگرے 10 طلباء و طالبات کو زخمی کردیا۔ ہاسپٹل ذرائع نے بتایا کہ تمام بچوں کی عمریں 8 سال ہیں اور انہیں سر پر زخم آئے ہیں۔ اسکول میں افراتفری کی وجہ سے بچوں کے بیاگس، جوتے اور دیگر سامان ادھر ادھر بکھرے ہوئے پائے گئے۔ پولیس نے فی الحال اسکول کو مہربند کردیا ہے اور تحقیقات کا آغاز کردیا۔