دسہرہ کے موقع پر لاٹھیوں کی لڑائی

اے پی کے ضلع کرنول میں انوکھی روایت
حیدرآباد 30ستمبر(یواین آئی )دسہرہ تہوار کے موقع پر آندھراپردیش کے ضلع کرنول میں لاٹھیوں کی لڑائی کے سلسلہ میں حکام کی جانب سے مناسب انتظامات کئے گئے ہیں۔ہر سال دسہرہ کے موقع پر لاٹھیوں کی لڑائی کی یہاں انوکھی روایت ہے جسے بنی تہوار کا نام دیا گیا ہے ۔ یہ روایت گزشتہ کئی دہائیوں سے چلی آرہی ہے ۔یہاں کے لوگوں کا ماننا ہے کہ یہ ان کی روایت اور تہذیب و ثقافت کا حصہ ہے ۔دسہرہ کی شب یہ لڑائی بڑے پیمانہ پرمنائی جاتی ہے ۔ پولیس نے کئی مرتبہ اس پر روک لگانے کی کوشش کی تاہم اس میں اسے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ۔ ان افراد نے انہیں روکنے کی کوشش کرنے والی پولیس پر بھی حملہ کیا تھا ۔گزشتہ سال اس میں 30افراد شدید زخمی ہوگئے تھے ۔ پولیس نے اس واقعہ پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ عوام کے تعاون سے اس میں کمی ہوئی ہے کیونکہ ماضی میں لاٹھیوں کی لڑائی میں کئی افراد زخمی ہوا کرتے تھے ۔کلکٹر ستیہ نارائنا نے کہا کہ اس لڑائی کیلئے مناسب انتظامات کئے گئے ہیں۔ایس پی گوپی ناتھ نے کہا کہ کسی بھی ناگہانی واقعہ سے نمٹنے کے لئے سی سی ٹی وی کیمرے لگائے گئے ہیں اور ویڈیو گرافی بھی کی جارہی ہے ۔ساتھ ہی ملاوٹی شراب کی تیاری میں ملوث 25افراد کے خلاف کارروائی کی گئی ہے ۔