دستور میں ترمیم نیپال کا داخلی مسئلہ : پرچنڈا

نئی دہلی 14 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نیپال پشپ کمل دہل عرف پرچنڈا کے دورۂ ہند سے قبل نیپال نے آج کہاکہ وہ یہ بات واضح کردینا چاہتا ہے کہ دونوں ممالک کو سابقہ مسائل جیسے ناکہ بندی پر باہم تبادلہ خیال کرنا ضروری ہے۔ وزیر خارجہ نیپال جو فی الحال ہندوستان کے دورہ پر ہیں، پرکاش شرن مہت نے کہاکہ ہندوستان کے ساتھ یقینا تمام صیانتی مسائل پر تعاون کیا جائے گا۔ نیپال اپنے سرزمین کو ہندوستان کے خلاف استعمال کرنے کی کبھی اجازت نہیں دے گا۔ تاہم نیپال کے نئے دستور کے بارے میں سوال کا جواب دیتے ہوئے اُنھوں نے کہاکہ دستور میں ترمیم نیپال کا داخلی مسئلہ ہے۔ وہ اس بارے میں ہندوستان کے اخباری نمائندوں سے تبادلہ خیال کرنا نہیں چاہتے۔وزارت خارجہ ہند کے بیان میں  کہاگیا کہ پشپ کمل دہل عرف پرچنڈا وزیراعظم نیپال جاریہ ہفتہ 4 روزہ دورہ پر ہندوستان آئیں گے۔ گزشتہ ماہ دوسری مرتبہ وزارت عظمیٰ کا عہدہ سنبھالنے کے بعد یہ اُن کا اوّلین دورہ ہند ہوگا۔