در اندازی روکنے بنگلہ دیش سے تاریخی معاہدہ

گوہاٹی۔ 30؍نومبر (سیاست ڈاٹ کام)۔ وزیراعظم نریندر مودی نے آج دعویٰ کیا کہ بنگلہ دیش سے آسام کو جانے والی دراندازی کے لئے زیر استعمال تمام سڑکوں کی ناکہ بندی کردی گئی ہے اور مرکزی حکومت پڑوسی ملک سے اس دیرینہ مسئلہ کے مستقل حل کے لئے تاریخی معاہدہ کرنے جارہی ہے۔ وہ بی جے پی کارکنوں کے ایک اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ انھوں نے کہا کہ وہ بنگلہ دیش کے لئے ان تمام سڑکوں کی ناکہ بندی کرچکے ہیں جن کے ذریعہ لوگ آسام آکر روزانہ اسے تباہ کررہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ وہ پوری ذمہ داری کے ساتھ یہ بات کہہ رہے ہیں کہ جو اراضی آسام کے عوام کی صیانت کے لئے اہمیت رکھی ہے اور سرحد پر ہے، مستقبل میں آسام کو نقصان پہنچانے کے لئے اسے استعمال نہیں کیا جاسکے گا۔ انھوں نے عوام کو تیقن دیا کہ آسام کی صیانت کی قیمت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

مودی نے کہا کہ وہ ریاستی عوام کے جذبات سے بخوبی واقف ہیں جو اراضی کے باہمی تبادلے کے معاہدہ کے بارے میں پائے جاتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ وہ جانتے ہیں کہ آسام کے کیا مسائل ہیں اور تیقن دیتے ہیں کہ وہ معاہدہ کے سلسلہ میں پیشرفت کریں گے، لیکن ملک اور آسام کی فلاح و بہبود کو پیش نظر بھی رکھیں گے۔ انھوں نے کہا کہ طویل مدتی مفاد کے لئے مختصر مدتی نقصان بھی برداشت کرنا پڑتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ آسام میں مسائل پیدا کرنے والے تمام افراد کو سزا دینے میں قانون اپنا کام کرے گا۔ پُرعزم جن دھن یوجنا کے بارے میں وزیراعظم نے کہا کہ بی جے پی غریبوں کو اصل دھارے میں لانے کے لئے کام کررہی ہے۔ غریب آدمی کبھی بھی قبل ازیں ساحل پر نہیں آسکا۔ ہم نے اس کے لئے تمام دروازے کھول دیئے ہیں۔ برسراقتدار آنے کے بعد سرکاری بینکیں سخت محنت کررہی ہیں۔ ہر ہفتہ ایک کروڑ بینک کھاتے کھولے جارہے ہیں۔ قبل ازیں ایک ماہ یا ایک سال میں بھی ایک کروڑ کھاتے نہیں کھولے گئے تھے۔