شہر کو روزانہ 90 ملین گیالن پانی سربراہ ہونے کی توقع
حیدرآباد /6 مارچ ( سیاست نیوز ) حیدرآباد میٹرو پولیٹن واٹر سپلائی اینڈ سیوریج بورڈ نے آئندہ چند مہنوں کے دوران شہر کو روزانہ تقریباً 90 ملین گیالن پانی کی سربراہی کو یقینی بنانے کا عزم ظاہر کیا ہے ۔ دریائے کرشنا کے سربراہی آب پراجکٹ کا تیسرا مرحلہ عنقریب مکمل ہوگا ۔ ذرائع کے مطابق دریاء کرشنا کے آبی پراجکٹ کے تیسرے مرحلے کو 1670 کروڑ کی لاگت سے مکمل کیا جارہا ہے ۔ یہ پراجکٹ اس ماہ کے اختتام تک مکمل ہوجائے گا ۔ محکمہ آبرسانی نے توقع ظاہر کی ہے کہ مارچ تک 45 ملین گیالن پانی روزآنہ حاصل کیا جائے گا ۔ ماباقی 45 ملین گیالن پانی کو اس سال اگست تک حاصل کیا جاسکتا ہے ۔ بعض زیر التواء کاموں کی تکمیل کے بعد ہی دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد کو روزانہ 90 ملین گیالن پانی کی سربراہی کو یقینی بنایا جاسکتا ہے ۔ دریاء کرشنا کا پانی کونڈاپور نرساپلی 34 کیلومیٹر تک پہونچے گا ، گوڈاکنڈلہ 24 کیلومیٹر ، گنگل 21 کیلومیٹر سے ہوتے ہوئے یہ پانی صاحب نگر 30 کیلومیٹر تک پہونچ جائے گا جہاں سے اس پانی کو 410 میٹرس کی بلندی سے پمپ کیا جائے گا اور یہاں سے یہ پانی سینک پوری اور میلاردیوپلی کو سربراہ کیا جائے گا ۔ پرشاسن نگر اور لنگم پلی جیسے علاقوں کو بھی اس تیسرے مرحلے کی تکمیل پر راحت ملے گی۔ محکمہ آبرسانی نے اس پراجکٹ کیلئے 1670 کروڑ روپئے خرچ کئے ہیں ۔ ان میں سے 1500 کروڑ روپئے ہڈکو نے فراہم کئے ہیں ماباقی 170 کروڑ روپئے ریاستی حکومت نے خرچ کئے ہیں ۔ دونوں شہروں میں موسم گرما سے قبل پانی کی قلت کی شکایت عام ہوگئی ہے ۔ محکمہ آبرسانی نے دریائے کرشنا کے تیسرے مرحلہ کی پراجکٹ کی تکمیل کے بعد شہر میں پانی کی قلت پر قابو پانے کیلئے اقدامات کئے ہیں ۔