درگاہ میر محمود کی اراضی کے حق میں گزٹ نوٹیفکیشن جاری

صدرنشین تلنگانہ وقف بورڈ محمد سلیم کی کامیاب مساعی
حیدرآباد ۔ 20 ۔ جون (سیاست نیوز) تلنگانہ وقف بورڈ نے آخر کار درگاہ حضرت میر محمود کی ملکاجگیری ضلع میڑچل میں واقع 4 ایکر 5 گنٹے اراضی کے تحفظ میں کامیابی حاصل کرلی ہے ۔ صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم کی مسلسل توجہ دہانی اور کاوشوں کے نتیجہ میں کمشنر پرنٹنگ اینڈ اسٹیشنری نے ترمیم شدہ گزٹ نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے اس قیمتی اراضی کو وقف قرار دیا ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ سال وقف بورڈ سے ایک جعلی این او سی جاری کی گئی جس کے ذریعہ سروے نمبرات 661 ، 662 اور 663/1 کے تحت موجود 4 ایکر 5 گنٹے اراضی کو غیر اوقافی قرار دیا گیا تھا جس کے بعد کمشنر پرنٹنگ اسٹیشنری 17 اگست 2017 ء کو گزٹ نوٹیفکیشن میں ترمیم کرتے ہوئے اعلامیہ جاری کردیا ۔ جعلی این او سی کا معاملہ منظر عام پر آنے کے بعد وقف بورڈ نے نہ صرف پولیس میں شکایت درج کی بلکہ کمشنر پرنٹنگ اسٹیشنری سے نمائندگی کی گئی ۔ صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے اس مسئلہ کو وقف بورڈ کے اجلاس میں پیش کیا جہاں گزشتہ اجلاس میں سی بی سی آئی ڈی تحقیقات کا فیصلہ کیا گیا ۔ وقف بورڈ کی ہدایت کے باوجود سابق کے عہدیداروں نے گزٹ نوٹیفکیشن میں ترمیم کی مساعی نہیں کی جس پر صدرنشین محمد سلیم نے چیف اگزیکیٹیو آفیسر شاہنواز قاسم کو ذمہ داری دی جنہوں نے تمام دستاویزات کے ساتھ کمشنر پرنٹنگ اینڈ اسٹیشنری کو مکتوب روانہ کیا۔ دستاویزات کا جائزہ لینے کے بعد 31 مارچ کو کمشنر پرنٹنگ اسٹیشنری نے ترمیمی گزٹ نوٹیفکیشن جاری کردیا جس میں 4 ایکر 5 گنٹے اراضی کو وقف تسلیم کیا گیا ہے۔ گزٹ کی کاپی آج وقف بورڈ کو موصول ہوچکی ہے۔ صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے کہا کہ جو کوئی بھی جعلی این او سی کی اجرائی کے ذمہ دار ہوں گے ، ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ گزٹ کی اجرائی کے بعد درگاہ حضرت میر محمود کی ملکاجگیری میں واقع اراضی کے تحفظ کیلئے ہر ممکن قدم اٹھائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ غیر مجاز قابضین کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی ۔ وقف بورڈ کے بعض عہدیداروں کی ملی بھگت کے ذریعہ اوقافی جائیدادوں کو تباہ کرنے کی سازشوں کا سختی سے مقابلہ کیا جائے گا ۔ واضح رہے کہ وقف بورڈ کو درگاہ حضرت میر محمود کی مذکورہ اراضی دوبارہ حاصل کرنے میں کافی جدوجہد کرنی پڑی۔

سنٹرل وقف کونسل کی ٹیم کا آج دورہ وقف بورڈ
حیدرآباد۔/20جون، ( سیاست نیوز) سنٹرل وقف کونسل کی ٹیم جمعرات کو حج ہاوز نامپلی کا دورہ کرے گی۔ اس موقع پر اوقافی جائیدادوں کے کرایہ داروں سے ملاقات کی جائے گی۔ چیف ایکزیکیٹو آفیسر شاہنواز قاسم کے مطابق سنٹرل وقف کونسل نے اوقافی جائیدادوں کے لیز رول 2014 کا جائز لینے کیلئے کمیٹی قائم کی ہے۔ یہ کمیٹی دوپہر 2-30 بجے تا 4-30 بجے شام تلنگانہ وقف بورڈ کے دفتر حج ہاوز میں موجود رہے گی۔ وقف بورڈ کے تمام کرایہ دار جو نمائندگی کرنا چاہتے ہیں کمیٹی سے رجوع ہوسکتے ہیں۔ کمیٹی کو لیز رول 2014 کے سلسلہ میں تجاویز پیش کی جاسکتی ہیں۔