درگاہ حضرت جہانگیر پیراںؒ کا ترقیاتی منصوبہ، زائرین کیلئے بہتر سہولتیں

2 لاکھ 77 ہزار مربع فیٹ علاقہ پر تعمیرات کا منصوبہ، ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی کا اعلیٰ سطحی اجلاس
حیدرآباد 7 اگسٹ (سیاست نیوز) حکومت نے درگاہ حضرت جہانگیر پیراںؒ کے لئے وسیع تر ترقیاتی منصوبے کو قطعیت دی ہے۔ 2 لاکھ 77 ہزار مربع فیٹ پر مشتمل علاقہ کو ترقی دیتے ہوئے زائرین کے لئے بہتر سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ نے ترقیاتی کاموں کے لئے 50 کروڑ روپئے مختص کئے ہیں تاہم تیار شدہ پلان کے مطابق تخمینہ مزید بڑھ سکتا ہے۔ ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی نے آج اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ ترقیاتی منصوبے کا جائزہ لیا۔ اُنھوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ ضروری ترمیمات کے ساتھ منصوبے کو آئندہ ہفتہ تک قطعیت دیں تاکہ چیف منسٹر کی منظوری حاصل کی جاسکے۔ درگاہ شریف کے بیرونی حصے میں خوبصورت کمان کی تعمیر کا منصوبہ ہے۔ اس کے علاوہ گنبد کو اس طرح تیار کیا جائے گا کہ دور سے بہ آسانی مشاہدہ کیا جاسکے گا۔ سلاٹر ہاؤز، آر ٹی سی بس شیلٹر، سماع خانہ، مسجد، ملگیات، ہاکرس مارکٹ، ریسٹورنٹس، نیاز خانہ، ٹائیلٹس اور گیسٹ ہاؤز کے علاوہ پارک کی تعمیر کا منصوبہ ہے۔ اس طرح درگاہ حضرت جہانگیر پیراںؒ تلنگانہ میں زائرین کے لئے عقیدت و احترام کے علاوہ ایک مشہور سیاحتی مرکز میں تبدیل ہوجائے گا۔ روزآنہ ہزاروں زائرین درگاہ شریف میں حاضری دیتے ہیں لیکن وہاں سہولتوں کی کمی ہے۔ ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی نے کہاکہ زائرین کے قیام کے لئے شیڈس کی تعمیر عمل میں آئے گی۔ اس کے علاوہ اہم شخصیتوں کے لئے کاٹیجس تعمیر کئے جائیں گے۔ اُنھوں نے کہاکہ سڑک کو توسیع دیتے ہوئے زائرین کو ٹریفک کی زحمت سے نجات دلائی جائے گی۔ موجودہ مسجد کی جگہ عالیشان مسجد کی تعمیر کا منصوبہ ہے جس میں 3 ہزار مصلیوں کی بیک وقت گنجائش رہے گی۔ محمود علی نے کہاکہ چیف منسٹر 50 کروڑ سے زائد رقم جاری کرنے کے لئے تیار ہیں اور اگر یہ منصوبہ 100 کروڑ تک پہونچتا ہے تب بھی حکومت رقم کی اجرائی میں تاخیر نہیں کرے گی۔ اُنھوں نے بتایا کہ طویل عرصہ سے چیف منسٹر درگاہ کی ترقی کے خواہاں ہیں اور اُنھوں نے اپنی منت کی تکمیل کے وقت ترقیاتی منصوبہ تیار کرنے کی ہدایت دی تھی۔ اُنھوں نے بتایا کہ ترقیاتی کاموں کے لئے 67 ایکر اراضی کی نشاندہی کی گئی ہے اور ضرورت پڑنے پر مزید اراضی حاصل کی جائے گی۔ اُنھوں نے بتایا کہ 250 سے زائد ملگیات کی تعمیر کا منصوبہ ہے تاکہ ایک خوبصورت مارکٹ تیار ہوسکے۔ محمود علی نے بتایا کہ درگاہ حضرت بابا شرف الدین رحمۃ اللہ علیہ پہاڑی شریف میں 9 کروڑ روپئے کے مصارف سے ریمپ کی تعمیر کا کام جاری ہے۔ عہدیداروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ کام جلد سے جلد مکمل کرلیں تاکہ زائرین کو درگاہ کی زیارت کے لئے پہونچنے میں سہولت ہو۔ اجمیر میں حیدرآبادی رباط کے سنگ بنیاد کے مسئلہ پر ڈپٹی چیف منسٹر نے بتایا کہ رباط کے منصوبہ کو قطعیت دیتے ہوئے اجمیر کی مقامی بلدیہ سے منظوری کی درخواست کی گئی ہے۔ باقاعدہ تحریری طور پر درخواست داخل کی گئی۔ تعمیراتی منصوبہ کو بلدیہ کی منظوری کے بعد سنگ بنیاد رکھا جائے گا۔ اُنھوں نے کہاکہ چیف منسٹر رباط کی عاجلانہ تعمیر کے حق میں ہیں اور وہ اِس سلسلہ میں عہدیداروں سے مسلسل ربط میں ہیں۔ تلنگانہ کے عہدیدار ضروری منظوریوں کے سلسلہ میں حکومت راجستھان کے عہدیداروں سے ربط میں ہیں۔ اُنھوں نے اُمید ظاہر کی کہ بہت جلد سنگ بنیاد کی رسم انجام دی جائے گی۔ جائزہ اجلاس میں حکومت کے مشیر اے کے خان، سکریٹری اقلیتی بہبود دانا کشور، کلکٹر رنگاریڈی رگھونندن راؤ، جوائنٹ ڈائرکٹر اقلیتی بہبود سبرامنیم اور دیگر عہدیداروں نے شرکت کی۔