درگاہ بابا شرف الدینؒ کی وقف اراضی کے قابضین کے خلاف کارروائی

عنقریب اعلیٰ سطحی اجلاس، قانونی کارروائی ممکن، صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم کا تفصیلی دورہ
حیدرآباد ۔ 18 ۔ جولائی (سیاست نیوز) درگاہ حضرت بابا شرف الدینؒ کے تحت اوقافی اراضی کے تحفظ کے لئے وقف بورڈ ہر ممکن اقدامات کرے گا۔ غیر مجاز رجسٹریشن کو منسوخ کرنے کیلئے محکمہ رجسٹریشن میں درخواست داخل کی جائے گی ۔ حیدرآباد ہائی کورٹ نے وقف بورڈ کی جائیدادوں کے غیر مجاز رجسٹریشن کی تنسیخ کا وقف بورڈ کو اختیار دیا ہے ۔ غیر مجاز قابضین کو بہت جلد نوٹس جاری کی جائے گی۔ صدرنشین تلنگانہ وقف بورڈ محمد سلیم نے آج درگاہ حضرت بابا شرف الدینؒ کی اوقافی اراضی کے معائنہ کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔ محمد سلیم نے چیف اگزیکیٹیو آفیسر شاہنواز قاسم کے علاوہ ریونیو ، پولیس ، وقف اور دیگر متعلقہ محکمہ جات کے عہدیداروں کے ہمراہ تقریباً دو گھنٹے تک پہاڑی شریف کے اطراف و اکناف علاقہ کا دورہ کیا۔ انہوں نے زائرین کی سہولت کیلئے تعمیر کئے جانے والے ریمپ کا معائنہ کیا۔ انہوں نے تعمیری کام جلد مکمل کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے درگاہ شریف میں حاضری دی اور چادر گل و غلاف پیش کیا۔ بعد میں اراضی کے معائنہ کا آغاز ہوا ۔ انہوں نے کہا کہ درگاہ کے تحت مختلف سروے نمبرات کے تحت 2400 ایکر سے زائد اراضی موجود ہے۔ سابقہ حکومتوں نے ایک ہزار سے زائد ایکر جی ایم آر کو انٹرنیشنل ایرپورٹ کی تعمیر کیلئے الاٹ کردی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دیگر اراضیات پر مختلف سرکاری اداروں اور افراد کا غیر مجاز قبضہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے وقف اراضی کے بدلے وقف بورڈ کو جو 50 ایکر زمین حوالے کی تھی ، اس کا بھی معائنہ کیا گیا ۔ اس اراضی پر کامپلکس کی تعمیر ممکن ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اراضی کے ڈیولپمنٹ کیلئے وقف بورڈ کے اجلاس میں فیصلہ کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ پہاڑی کے دامن میں ایک خانگی ایجوکیشن سوسائٹی کو 27 ایکر اراضی تعلیمی سرگرمیوں کیلئے الاٹ کی گئی تھی ۔ تعلیمی سرگرمیوں کے عدم آغاز پر 15 ایکر اراضی واپس لے لی گئی جس پر حج ہاؤز کی تعمیر کا منصوبہ تھا ۔ ایجوکیشن سوسائٹی کی لیز کی میعاد ختم ہوچکی ہے اور تعلیمی اداروں کے بجائے اراضی کو فارم ہاؤز میں تبدیل کردیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ اراضی بھی واپس حاصل کی جائے گی کیونکہ الاٹمنٹ کا مقصد پورا نہیں ہوا ہے۔ محمد سلیم نے بتایا کہ عہدیداروں سے مشاورت کے بعد نوٹ کی اجرائی عمل میں آئے گی۔ صدرنشین وقف بورڈ نے اراضی کے حدود کا تعین کرنے کیلئے بہت جلد ضلع کلکٹر اور دیگر عہدیداروں کے ساتھ اجلاس طلب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وقف بورڈ کے پاس موجود تمام دستاویزات اجلاس میں پیش کرتے ہوئے حدود کا تعین کیا جائے گا ۔ محمد سلیم نے ریونیو اور وقف بورڈ کے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ باہم تال میل کے ذریعہ اراضی کی نشاندہی کرے۔ انہوں نے کہا کہ انڈسٹریل ڈیولپمنٹ کارپوریشن اور دیگر اداروں نے جس اراضی پر اپنی دعویداری پیش کی ہے ، انہیں دوبارہ حاصل کرنے کیلئے کوئی کسر باقی نہیں رکھی جائے گی ۔ مقامی افراد نے صدرنشین وقف بورڈ کو ناجائز قبضوں کی تفصیلات سے واقف کرایا اور کہا کہ اگر وقف بورڈ چاہے تو اراضی ڈیولپ کرتے ہوئے آمدنی میں اضافہ کا ذریعہ پیدا کرسکتا ہے۔ تقریباً 9 کروڑ کے مصارف سے ریمپ کی تعمیر کا کام جاری ہے جس سے زائرین کو درگاہ شریف تک پہنچنے میں سہولت ہوگی۔ ریمپ کی تعمیر کا کام جلد مکمل کیا جائے گا ۔ انہوں نے ڈائرکٹر اقلیتی بہبود شاہنواز قاسم کو مشورہ دیا کہ وہ غیر مجاز رجسٹریشن کی تنسیخ کیلئے کارروائی کریں۔ ہائی کورٹ نے اپنے حالیہ احکامات میں وقف بورڈ کو اجازت دی ہے کہ وہ اپنی اراضیات کے تحفظ کے لئے قابضین کے رجسٹریشن کی تنسیخ کرے۔ انہوں نے کہا کہ اراضی کی مکمل حدبندی کے بعد جی ایم آر انٹرنیشنل ایرپورٹ کی اراضی کا بھی معائنہ کیا جائے گا ۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کو اراضی کے تحفظ کے سلسلہ میں نمائندگی کی جائے گی۔ چیف اگزیکیٹیو آفیسر شاہنواز قاسم نے کہا کہ وقف بورڈ غیر مجاز قابضین کے خلاف قانونی کارروائی کرسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں جہاں کہیں بھی اوقافی جائیدادیں ہیں، ان کے ریکارڈ کو کمپیوٹرائزڈ کرتے ہوئے ضلع کلکٹرس کو روانہ کیا جائے گا تاکہ انہیں اراضی کے تحفظ میں سہولت ہو۔