دربھنگہ میں ہولی جلوس کے دوران تصادم 2 افراد ہلاک اور 18 زخمی ۔ صورتحال کشیدہ

دربھنگہ (بہار) 7 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ہولی جلوس کے دوران گروہی تصادم میں ایک شخص ہلاک اور دیگر 18 افراد بشمول ایک پولیس عہدیدار زخمی ہوگئے۔ پولیس نے بتایا کہ ضلع کے آگاٹ پور میں کل شام اُس وقت تصادم کا واقعہ پیش آیا جب ایک گروپ نے جلوس نکالا تو دوسرے گروپ نے اس کی مخالفت کی۔ ایک زخمی 30 سالہ چندریشور ابتدائی طبی مرکز میں علاج کے دوران جانبر نہ ہوسکا۔ جبکہ دیگر 18 افراد بشمول سنگھواڑہ اسٹیشن ہاؤز آفیسر راکیش کمار زخمی ہوگئے۔ ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس مسٹر اوما شنکر سدھنشو نے یہ اطلاع دی اور بتایا کہ ضلع انتظامیہ نے ایک اور شخص کی موت کو طبعی قرار دیا ہے لیکن دیہاتیوں کا دعویٰ ہے کہ وہ تصادم میں مارا گیا۔ پولیس نے موت کی وجوہات کا پتہ چلانے کیلئے نعش کو پوسٹ مارٹم کیلئے روانہ کردیا۔ پولیس کے اعلیٰ عہدیداروں نے تصادم کے مقام پر پہنچ کر کشیدہ حالات پر قابو پالیا ہے۔