دراندازی ،اسمگلنگ روکنے پر بی ایس ایف کی خصوصی توجہ

کریم گنج ( آسام ) 22مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) بی ایس ایف کے انسپکٹر جنرل برائے میزورم و کاچار سرحد دنیش کمار اپادھیائے نے آج کہاکہ وہ دراندازی، اسمگلنگ اور سرحدپار جرائم کے انسداد پر خصوصی توجہ دیں گے۔ اپادھیائے نے 19مئی کو اپنا عہدہ سنبھالاہے ۔ انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش کے سرحدی محافظین کے ساتھ خوشگوار تعلقات برقرار رکھنے پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ انہوں نے ان کی کمانڈ کے سپاہیوں کو ہدایت دی کہ عوام کے ساتھ خیرسگالانہ اور اچھے تعلقات قائم رکھے جائیں ۔

بی ایس ایف کے ایک صحافتی بیان میں کہا گیا ہے کہ اپادھیائے 1984ء بیاچ کے عہدیدار ہیں اور انہیں نمایاں خدمات انجام دینے پر صدر جمہوریہ پر تمغہ اور دلیری کی خدمات پر پولیس کا تمغہ حاصل ہوچکے ہیں ۔ وہ کمانڈ اور اسٹاف کی سطح دونوں پر کئی عہدوں پر فائز رہ چکے ہیں اور اہم کارنامے بشمول وادی کشمیر میں عسکریت پسندی کے خلاف جنگ انجام دے چکے ہیں ۔ وہ اعلیٰ سطح کے خصوصی تحفظ گروپ میں خدمات انجام دے چکے ہیں اور وزیراعظم کی حفاظت کی ٹیم میں بھی شامل تھے ۔ آسام کی بنگلہ دیش سے متصلہ سرحد انتہائی مخدوش علاقہ ہے جہاں سے منشیات، اسلحہ اور انسانی اسمگلنگ کے علاوہ دراندازی کے واقعات بھی روز کا معمول ہیں۔