دختر کی منگنی : ریونت ریڈی کی صرف 12گھنٹوں کیلئے رہائی

حیدرآباد ۔ /10 جون (سیاست نیوز) نوٹ برائے ووٹ اسکام میں گرفتار تلگودیشم رکن اسمبلی مسٹر اے ریونت ریڈی کو اینٹی کرپشن بیورو کی خصوصی عدالت نے 12 گھنٹے کی عبوری ضمانت منظور کی ۔ عدالت نے جیل حکام کو اپنے احکام میں یہ بتایا کہ ریونت ریڈی کو /11 جون صبح 6 بجے تا شام 6 بجے کیلئے رہا کیا جائے اور عدالت میں 50 ہزار روپئے کے دو مچلکہ کے دو جمع کئے جائیں ۔ ریونت ریڈی اور ان کے دو ساتھی ہیری سبیسٹن اور ردرا اودھے سیما کی جانب سے داخل کی گئی درخواست ضمانت کو عدالت نے مسترد کردیا ۔ تلگودیشم رکن اسمبلی کو چیرلہ پلی جیل حکام پولیس اسکارٹ میں ان کی بیٹی نمیشا کی منگنی تقریب میں شرکت کیلئے کل رہا کریں گے ۔ عدالت نے 12 گھنٹے کی مشروط ضمانت کی منظوری سے قبل یہ واضح طور پر بتایا کہ رہائی کے دوران مسٹر ریونت ریڈی میڈیا سے بات چیت نہ کریں اور نہ ہی وہ کسی سیاستداں سے ملاقات کریں ۔ رکن اسمبلی کے وکیل مسٹر سدھارت لوتھرا نے اے سی بی کی خصوصی عدالت میں اپنا استدلال پیش کیا کہ ان کے موکل کو ضمانت پر رہا کیا جائے لیکن عدالت نے صرف ان کی بیٹی کی منگنی میں شرکت کیلئے ضمانت منظور کی ۔
عدالت میں اے سی بی کے وکیل نے اپنی بحث میں تلگودیشم رکن اسمبلی اور ان کے دو ساتھیوں کی درخواست ضمانت کی مخالفت کرتے ہوئے بتایا کہ قانون ساز کونسل انتخابات کے دوران نامزد رکن اسمبلی کو رشوت دینے کی کوشش کے سنگین الزام کے تحت ریونت ریڈی کو گرفتار کیا گیا ہے اور انہیں ضمانت پر رہا کرنے سے اینٹی کرپشن بیورو کو یہ خدشہ ہے کہ وہ گواہوں پر اثر انداز ہوسکتے ہیں ۔