فرقہ پرست مجلس اور بی جے پی پر سبقت لے جانے کا عزم ، ناگا باولی ، یاقوت پورہ میں پدیاترا
حیدرآباد ۔ 27 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز ) : کانگریس کے امیدوار دبیر پورہ ڈیویژن مسٹر ساجد شریف نے کہا کہ وہ عوام کا دل جیت چکے ہیں فرقہ پرست جماعتوں مجلس اور بی جے پی کے لیے ٹکٹ پر مقابلہ کرنے والے ایک ہی خاندان کے دو بھائی دوسرے مقام کے لیے ایک دوسرے پر سبقت لیجانے کی کوشش کررہے ہیں ۔ ساجد شریف نے آج سینکڑوں کانگریس کارکنوں کے ساتھ بلدی ڈیویژن دبیر پورہ کے مختلف علاقوں بی بی کا الاوہ ، یاقوت پورہ ناگا باولی کا پدیاترا کرتے ہوئے عوام سے ملاقات کی اور تبدیلی کے لیے انکے حق میں ووٹ دینے کی اپیل کی ہے ۔ جگہ جگہ پر عوام نے ان کا استقبال کیا ۔ اس موقع پر اخباری نمائندوں کی جانب سے مقابلہ کس سے ہونے کے سوال کا جواب دیتے ہوئے ساجد شریف نے کہاکہ وہ عوام کا دل جیت چکے ہیں ۔ مقامی عوام کی خواہش پر وہ کانگریس میں شامل ہو کر مقابلہ کررہے ہیں اور عوام نے انہیں انتخابی مہم میں سب سے آگے پہونچا دیا ہے ۔ دوسرے مقام کے لیے فرقہ پرست مجلس اور بی جے پی کے درمیان مقابلہ ہے ۔ دونوں جماعتوں نے ایک ہی خاندان کے دو بھائیوں کو میدان میں اتارا ہے ۔ دونوں بھائی آپس میں الجھے ہوئے ہیں اور وہ دوڑ میں بہت آگے نکل چکے ہیں ۔ پرانے شہر سے مجلس کا زوال شروع ہوچکا ہے وہ عوام کے تبدیلی رجحان کا احترام کرتے ہیں ۔ دبیر پورہ ڈیویژن کے عوام مجلس کی من مانی ، غنڈہ گردی ، لوٹ کھسوٹ ، سرگرمیوں سے عاجز آچکے ہیں اور انہیں اس مرتبہ کامیاب بنانے کا فیصلہ کرچکے ہیں ۔ وہ روزانہ سینکڑوں عوام سے ملاقات کررہے ہیں اور عوام بھی ان سے دن رات کی پرواہ کئے بغیر اپنے دکھ درد ، مسائل سے واقف کراتے ہوئے انہیں کامیاب بنانے کا تیقن دے رہے ہیں ۔ وہ بھی عوام سے وعدہ کررہے ہیں کہ کامیابی کے بعد ہمیشہ ان کے درمیان میں رہیں گے ۔ مسائل کو حل کرنے کے معاملے میں کبھی کسی سے کوئی سمجھوتا نہیں کریں گے ۔ بلدی ، پینے کے پانی ، ڈرینج ، صاف صفائی کے مسائل کو حل کرانے میں پوری دیانداری سے کام کریں گے ۔ دبیر پورہ ڈیویژن کے عوام بھی تعلیمیافتہ گھرانے سے تعلق رکھنے والے ساجد شریف پر مکمل بھروسہ کررہے ہیں ۔۔