دبئی میں ملازمہ سے دست درازی پر ہندوستانی کو جیل

دبئی ۔ 20 جنوری ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) دبئی میں ایک 26 سالہ ہندوستانی کو اس علاقہ میں ایک اپارٹمنٹ کے لفٹ میں گھریلو خادمہ پر دست درازی کا جرم ثابت ہونے پر 3ماہ کی سزائے قید دی گئی ہے ۔ مقامی میڈیا کے مطابق فوجداری عدالت نے ملزم جو ایک جوس بار کا ملازم ہے ، اُس کے بیان کی سماعت کی ۔ ملزم کی شناخت میں صرف ایم آر کے حروف ظاہر کئے گئے ہیں۔ بتایا گیا کہ ملزم نے ملازمہ کو لفٹ میں جاتے دیکھ کر ا ُس کا تعاقب کیا اور دست درازی کی ۔ متاثرہ خاتون نے کہا کہ ملزم نے اُسے عقب سے بھینچ لیا اور اُس کے ساتھ زبردستی کرنا چاہا ۔ اس دوران چیخنے چلانے کی آوازیں کوئی بھی سن نہیں پایا کیونکہ لفٹ سکنڈ فلور کی طرف جارہی تھی ۔ تاہم ملزم کا بیان ہے کہ اُس نے ملازمہ کا صرف ہاتھ اُس کی مرضی سے ہی پکڑا تھا ۔ اُسے جیل کی میعاد کی تکمیل کے بعد ملک بدر کردیا جائے گا ۔