حیدرآباد ۔ 22 ؍ فبروری ( سیاست نیوز) مسٹر کے تارک راماراو ریاستی وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی آئندہ ماہ دبئی میں منعقد ہو رہی پانچویں سرمایہ کاری کانفرنس میں شرکت کریں گے ۔ نائب صدر متحدہ عرب امارات مسٹر راشد المختوم نے ریاستی وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کو مجوزہ کانفرنس میں شرکت کے لئے مدعو کیا ہے اس کانفرنس میں بیرونی راست سرمایہ کاری کے ذریعہ ترقیات اور ٹیکنالوجی پر تبادلہ خیال کے لئے 140 ممالک سے ذمہ داران ‘ سربراہان کے علاوہ ماہرین شرکت کریں گے جو کہ 30 مارچ تا یکم اپریل منعقد ہوگی ۔ مسٹر کے ٹی آر اس کانفرنس کے ذریعہ بیرونی سرمایہ کاروں کو ریاست تلنگانہ میں سرمایہ کاری کے لئے راغب کریں گے ۔ اور انہیں اس کانفرنس میں اس بات سے واقف کرائیں گے کہ تلنگانہ واحد ایسی ریاست جس میں اپنی منفرد صنعتی پالیسی کے ذریعہ سرمایہ کاروں اور صنعتکاروں کو سہولتوں کی فراہمی کا منصوبہ تیار کیا ہے ۔ مسٹر کے ٹی آر نے بتایا کہ وہ کانفرنس کے دوران سرمایہ کاروں کو ریاست میں سرمایہ کاری کے لئے راغب کروانے کی ممکنہ کوشش کریں گے ۔ تاکہ بیرونی سرمایہ کاری کے ذریعہ ریاست تلنگانہ کو معاشی طور پر مستحکم بناتے ہوئے نوجوانوں کے لئے روزگار کے مواقع پیدا کئے جاسکیں ۔