کابل ۔28 جولائی ۔(سیاست ڈاٹ کام) عسکریت پسندوں نے ایک ایسے مرکز کو نشانہ بنایا جہاں مڈوائف(دایہ) کو تربیت فراہم کی جاتی ہے۔ جنگ زدہ ملک افغانستان میں حملہ کا یہ تازہ واقعہ ہے جبکہ حملے کی کسی بھی فرد یاتنظیم نے اب تک ذمہ داری قبول نہیں کی ہے اس حملہ میں دو افراد ہلاک ہوگئے جبکہ پانچ زخمی ہوئے ۔ اس موقع پر ایک عینی شاہد نے بتایا کہ اُس نے فائرنگ کی آواز سنی جس سے اُس نے اندازہ لگایا کہ حملہ جاری ہے۔ دریں اثناء صوبائی گورنر کے ترجمان عطاء اﷲ خوگیانی نے کہا حملے کے بعد متعدد دایاؤں کو بچالیا گیا ۔ دوسری طرف صوبائی محکمۂ صحت کے ترجمان انعام اﷲ نے بھی توثیق کی کہ حملہ دایاؤں کے سنٹرپر کیا گیا ہے ۔ یاد رہے کہ حالیہ دنوں میں جلال آباد میں کئی حملے ہوچکے ہیں جن میں اب تک درجنوں افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔
فوجی کارروائی، 6 حوثی باغی کمانڈر ہلاک
صنعاء ۔28 جولائی ۔(سیاست ڈاٹ کام) یمن کی صعدہ گورنری میں الملاحیظ کے مقام پر آئینی فوج نے ایک کارروائی میں چھ حوثی باغی کمانڈروں کو ہلاک کردیا۔’العربیہ‘ کے مطابق عرب اتحادی فوج کی معاونت سے یمنی فوج نے ایک کارروائی کے دوران نصف درجن حوثی باغیوں کو ہلاک کردیا۔مقتول حوثی کمانڈروں کی شناخت عبدہ جبران علی غلیس، محمد عبداللہ الحاذق، عابد محمد شبلہ، محمد قاسم الشامی، عبدالمجید عبداللہ علوانی اور دائل حسین خماش کے ناموں سے کی گئی ہے۔