این آئی اے وزارت داخلہ سے رجوع
نئی دہلی 22 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان کے کچھ نوجوانوں کی آئی ایس آئی ایس میں شمولیت کی اطلاع پر قومی تحقیقاتی ایجنسی ( این آئی اے ) نے حکومت سے اجازت طلب کی ہے کہ دہشت گرد گروپ داعش اور القاعدہ کے خلاف مقدمہ درج کیا جاسکے ۔ ومارت داخلہ کو ان اطلاعات سے واقف کرواتے ہوئے این آئی اے نے تجویز کیا ہے کہ انسداد غیر قانونی سرگرمیاں قانون کے کئی دفعات کے تحت ایک کھلا مقدمہ درج کیا جانا چاہئے ۔ اس کے علاوہ دہشت گردی پر اقوام متحدہ کنونشن کے تحت بھی مقدمہ درج کیا جاسکتا ہے ۔ یہ مقدمہ آئی ایس آئی ایس کے خلاف نوجوانوں کو دہشت گرد سرگرمیوں میں شرکت کیلئے اکسانے کی پاداش میں درج ہوسکتا ہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ایسا کرنے سے حکومت کو داعش اور القاعدہ کو ممنوعہ تنظیم قرار دینے میں بھی مدد ملے گی ۔ آئی ایس آئی عراق و شام میں سرگرم ہے اور اس میں کچھ ہندوستانی نوجوانوں کے شامل ہونے کی اطلاعات بھی گذشتہ دنوں سامنے آئی تھیں ۔