داعش کے خلاف امریکی اتحادی فوج

600 فوجی اہلکار روانہ کرنے آسٹریلیا کا اعلان
سڈنی 14 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیر اعظم آسٹریلیا ٹونی اباٹ نے آج کہا کہ ان کا ملک متحدہ عرب امارات میں 600 فوجی روانہ کریگا تاکہ وہ امریکہ کی قیادت والی بین الاقوامی اتحادی فوج میں شامل ہوسکیں جو اسلامی مملکت نامی تنظیم کے خلاف کارروائیوں میں حصہ لیں گے ۔ دو دن قبل ہی آسٹریلیا نے اپنی دہشت گردی خطرہ کے الرٹ کو مزید بڑھادیا تھا اور کہا تھا کہ ہوسکتا ہے کہ آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والے بعض نوجوان عراق اور شام میں لڑائی کے بعد آسٹریلیا واپس ہو رہے ہوں۔ اباٹ نے کہا کہ امریکہ نےآسٹریلیا سے بین الاقوامی اتحادی افواج میں رول ادا کرنے کی خواہش کی تھی جس کے بعد فیصلہ کیا گیا ہے کہ تقریبا 400 فضائی فوج کے ارکان اور 200 فوجی اہلکاروں کو اس فوج میں حصہ لینے کیلئے روانہ کیا جائیگا ۔ انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا حالانکہ لڑائی میں حصہ لینے والی افواج کو روانہ نہیں کر رہا ہے لیکن وہ انسانی بحران کو مزید سنگین ہونے سے روکنے کیلئے بین الاقوامی کوششوں میں اپنا رول ادا کر رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایس آئی ایس کو روکنے اور اسے کمزور کرنے کی کوششوں میں آسٹریلیا بین الاقوامی کوششو ں میں حصہ دار رہے گا۔