داعش کے جہاد میں بوسنیا کے نوجوان شامل

سراجیو ۔ 15 مئی (سیاست ڈاٹ کام) بوسنیا کے سرکاری وکلاء نے آج 12 افراد کے خلاف شام اور عراق میں داعش کے ساتھ جہاد میں حصہ لینے کے الزامات وضع کئے ہیں۔ استغاثہ کے بموجب سال 2013 اور 2014ء کے دوران بوسنیا کے 12 شہریوں نے عسکریت پسند گروپ میں شامل ہوکر عراق اور شام کی لڑائی میں حصہ لیا تھا جن میں بعض ملزمین کو محروس کردیا گیا اور دیگر کو نظربند کردیا گیا ہے۔ ان کے خلاف گذشتہ 6 ماہ سے تحقیقات جاری ہے۔ اگر ان کے خلاف الزامات ثابت ہونے پر 20 سال کی سزائے قید ہوسکتی ہے۔ بوسنیا میں 1990ء کے عشرہ میں نسلی تصادم کے دوران عرب ممالک کے سینکڑوں اسلام پسند شریک ہوگئے تھے اور جنگ بندی کے بعد اگرچیکہ بیشتر غیرملکی جنگجو یہاں سے روانہ ہوئے ہیں۔ بوسنیا کے مسلمانوں پر اپنی جہادی فکر چھوڑ گئے جس کے باعث بوسنیا کے نوجوان، شام اور عراق میں جاکر داعش کے ساتھ جہاد کررہے ہیں۔ انٹلیجنس سرویس کی اطلاع کے بموجب 250 سے زائد بوسنیائی شہری داعش میں شامل ہوگئے ہیں۔