اقوام متحدہ ، 13 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے عراق اور شام میں سرگرم سخت گیر جنگجو گروپ داعش کے ساتھ کسی بھی قسم کے کاروبار پر پابندی کیلئے قرارداد اتفاق رائے سے منظور کر لی ہے۔ قرارداد میں شام میں داعش اور القاعدہ سے وابستہ گروپ النصر محاذ سے تیل کا لین دین کرنے والوں پر پابندیوں کی دھمکی دی گئی اور رکن ممالک پر زور دیا گیا کہ وہ اپنے یرغمالی شہروں کی رہائی کے عوض اغوا کاروں کو تاوان کی ادائی کا سلسلہ بند کردیں۔ اس قرار داد کو اقوام متحدہ کے 35 رکن ممالک نے مشترکہ طور پر سلامتی کونسل میں پیش کیا تھا۔ اس میں کہا گیا کہ شام میں داعش اور النصر محاذ کے ساتھ تیل کی تجارت کرنے والے افراد اور اداروں پر پابندیاں عائد کردی جائیں گی۔ اس میں تمام 193 رکن ممالک پر زوردیا گیا ہے کہ وہ عراق اور شام سے نوادرات اور ثقافتی املاک کی تجارت کو روکنے کیلئے بھی مناسب اقدامات کریں۔ تاہم اس قرارداد کے مسودے میں فوجی طاقت کے استعمال کی اجازت دینے کا ذکر نہیں ہے۔