اقوام متحدہ۔ 21 نومبر۔(سیاست ڈاٹ کام) اقوام متحدہ کی سکیورٹٰی کونسل نے انتہا پسند تنظیم داعش کے خلاف کارروائی میں تیزی پیدا کرنے کے حوالے سے ایک قرارداد کی متقفہ طور پر منظوری دے دی ہے۔ فرانس کی طرف سے پیش کردہ اس قرارداد میں رکن ممالک سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ جہادیوں کے خلاف کارروائی میں تمام ضروری اقدامات کریں۔ پیرس حملوں کے تناظر میں یورپی ممالک نے کہا ہے کہ وہ سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے سرحدوں کی نگرانی کا انتظام سخت کر رہے ہیں جبکہ برسلز میں ممکنہ حملوں کے پیش نظر سکیورٹی انتہائی سخت کر دی گئی ہے۔
مالی مہلوکین میں ہند۔امریکی خاتون بھی شامل
بماکو ؍ واشنگٹن ۔21 نومبر۔(سیاست ڈاٹ کام) مالی کے دارالحکومت کی ایک ہوٹل پر گزشتہ روز ہوئے دہشت گرد حملے کے 27 مہلوکین میں ایک ہند نژاد امریکی خاتون کے علاوہ کئی روسی اور چینی بھی شامل ہیں۔ امریکی دفتر خارجہ کے ترجمان جان کیری نے کہاکہ 41 سالہ انیتا اشوک داتار واحد امریکی شہری ہیں جو گزشتہ روز کے اس حملے میں ہلاک ہوئی ہیں۔ امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے ٹوئٹر پر لکھا کہ ’’امریکی خاتون انیتا داتار اور مالی حملے میں دیگر تمام افراد کی موت پر ہمیں سخت افسوس ہے ‘‘۔
کیری نے مزید کہا کہ ’’ہم تمام مہلوکین کے خاندانوں اور دوستوں سے اپنی تعزیت کا اظہار کرتے ہیں اور ہم مالی کے عوام کے ساتھ ہیں‘‘ ۔ انیتا واشنگٹن ڈی سی کے نیم مضافات میری لینڈ کے نکوما پارک میں مقیم تھیں۔ روس نے بھی اس حملے میں اپنے چند شہریوں کی ہلاکت کی توثیق کی ہے ۔ چین نے کہا ہے کہ اس کے تین سرکردہ عہدیدار بھی مہلوکین میں شامل ہیں۔ بعد ازاں جن پنگ نے ہوٹل ریڈسن بلیو پر گزشتہ روز ہوئے دہشت گرد حملے کی مذمت کی ۔